جنگ گروپ کے چیف ایڈیٹر کی گرفتاری قابل مذمت ہے‘ مولانا فضل الرحمان

جنگ گروپ کے چیف ایڈیٹر کی گرفتاری قابل مذمت ہے‘ مولانا فضل الرحمان

  

تخت بھائی (تحصیل رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے جنگ گروپ کے ایڈیٹر ان چیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سیلیکٹیڈ حکومت اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آئی ہے۔نیب کو انتقامی ادارہ بنایا گیا ہے جس کے خلا ف بہت جلد تمام سیاسی جماعتیں مل کر ایک لائحہ عمل تیار کرئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام ضلع مردان کے سیکرٹری اطلاعات مولانا قیصر الدین کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفد میں جمعیت طلبا اسلام ضلع مردان کے حافظ فرمان اللہ،ثناء اللہ،حافظ فضل الرحمان اور جواد بابا شامل تھے۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ حکومت نیب کے ذریعے سیاسی اور سماجی لوگوں کو ڈرا کر اپنے مقاصد میں کامیاب ہونا چاہتی ہے لیکن یہ حکومت کی بھول ہے۔انہوں نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کوآزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ عمران خان کی اصلیت سب کے سامنے آچکی ہے۔اب جو بھی نیوز چینل حکومت کے خلاف بات کرئے گا تو کیا ان کے اونرز کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف دینے کے لئے حکومت کے پاس کوئی میکنزم نہیں ہے۔عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے لیکن حکومت نے صرف پانچ روپے فی لیٹر کام کر کے ڈیوٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔جمعیت علماء اسلام کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا قیصر الدین مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان کو 29مارچ کو دارالعلوم شیر گڑھ میں ختم بخاری شریف کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

مزید :

صفحہ اول -