کرونا وائرس ،ممتاز عالم دین علامہ محمد الیاس عطار قادری بھی میدان میں آگئے

کرونا وائرس ،ممتاز عالم دین علامہ محمد الیاس عطار قادری بھی میدان میں آگئے
کرونا وائرس ،ممتاز عالم دین علامہ محمد الیاس عطار قادری بھی میدان میں آگئے

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)عالمی تحریک دعوت اسلامی کے سربراہ  علامہ محمد الیاس عطار قادری نےکہاہے کہ ہمیں کورونا وائرس سے گھبرانے کی  بجائےاللہ پاک کی ناراضی،برے خاتمے اوراُس کے عذاب سے ڈرنا چاہئے، کرونا وائرس کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والے یاد رکھیں کہ افواہ پھیلانا حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے،اللہ عزو جل کا مبارک اسم ’’یا وکیل‘عصر تا مغرب سات مرتبہ پڑھ لیا کریں آفتوں سے حفاظت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس اور دیگر بیماریوں و پریشانیوں کیلئے خصوصی دعا اور مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے معروف مبلغ مولانا  محمد الیاس عطار قادری نےکہا کہ قوم پہلے ہی کورونا وائرس سے خوف زدہ ہے اور ایسے میں کچھ نادان شہر بند ہوجائے گا،اناج و راشن نہیں ملیگا جیسی سنسی خیز خبریں پھیلا کر لوگو ں کو مزید خوف زدہ کررہے ہیں جو سراسر غلط ہے،ویسےبھی سرکاری سطح پرکسی شہر یاعلاقےکوبندکرنےکا ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا پھر بھی چند افراد افواہیں پھیلارہے ہیں،یاد رکھیں جس رب تعالیٰ نے پیدا کیا ہے اور جب تک اس نے زندہ رکھنا مقدر کیا ہے ہمیں وہ رزق عطا فرمائے گا مگر راشن و دیگرضروری اشیاء کی وافر مقدار خریداری کرنے والے مہنگائی کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نےکہاکہ انسان کے جھوٹا ہونے کیلئے یہ بات کافی ہے کہ وہ ہر سنی سنائی بات آگے بڑھائے لہٰذا لوگوں کے ساتھ خیرخواہی اور بھلائی کا سلوک کریں، افواہیں نہ پھیلائیں کہ افواہ پھیلانا حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔

مولانا  محمد الیاس عطار قادری نے مزید کہا کہ موت برحق ہے اور ہرجاندارکو موت کا مزہ چکھنا ہے،جب موت آنی ہے تو اب وائرس اس کا سبب بنتا ہے یا کوئی بیماری؟مگر ہمیں بس اللہ پاک کا ذکرہی کرتے رہنا چاہئے،کورونا وائرس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے،ہمیں تواللہ پاک کی ناراضی،برے خاتمے اوراس کے عذاب سے ڈرنا چاہئے ہمارا جو بھی ڈر ہو وہ خوف خدا کے سائے میں ہو، لہٰذا کورونا وائرس سے نہ ڈریں بلکہ احتیاط کریں اللہ نے چاہا کچھ بھی نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ’’یا وکیل‘‘ عصر تا مغرب سات مرتبہ پڑھ لیا کریں آفتوں سے حفاظت ہوگی،اللہ کی پاکی بیان کرنے سے وباءدور ہوتی ہے لہٰذااٹھتے بیٹھتے سبحان اللہ کا ورد کریں ان شاء اللہ  کرونا وائرس اور دیگر بیماریوں اور وباؤں سے حفاظت ہوگی۔انہوں  نے دعوت اسلامی سے وابستہ تمام افراد کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں تین ہفتے تک عوامی اجتماعات اور دیگر تقریبات پر پابندی ہے اور اسی طرح دیگر ممالک میں جہاں جہاں پابندیاں ہیں تو تمام عاشقان رسولﷺ اپنے اپنے ملک کے ہر اس قانون پر عمل کریں جو شریعت کے خلاف نہ ہو کیونکہ اگر مجمع سے منع کیا جارہا ہے تویقینا اس میں ہماے لئے بہتری ہی ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -