گجرات، اندھا قتل ٹریس، دوستوں نے پیسوں کی خاطر قتل کیا، مرکزی ملزم گرفتار

گجرات، اندھا قتل ٹریس، دوستوں نے پیسوں کی خاطر قتل کیا، مرکزی ملزم گرفتار

  

 گجرات، لالہ موسیٰ(بیورورپورٹ، نامہ نگار) تھانہ صدر لالہ موسیٰ کے علاقہ میں اندھے قتل کی ایک اور واردات ٹریس، چند رو زقبل موضع ٹھرگلہ کے قریب فصلوں سے ملنے والی نعش کی شناخت کرلی گئی۔ مقتول کو اس کے دوستوں نے چند روپوں کی خاطر موت کے گھاٹ اتارا، مرکزی ملزم گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل تھانہ صد رلالہ موسیٰ کے علاقہ ٹھرگلہ کے قریب گند م کی فصل سے نامعلوم نوجوان کی نعش برآمد ہوئی،جس کے ہاتھوں اور گلے میں رسی ڈال کرانتہائی بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔پولیس نے موقع سے ابتدائی شواہد اکٹھے کرکے نعش کی شناخت کے لئے سوشل میڈیا پر اشتہارجاری کئے۔ڈی پی او عمر سلامت نے اس اندھے قتل کی واردات کوٹریس کرنے اور سفاک قاتلوں کی جلد گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی لالہ موسیٰ میاں افضال شاہ کی زیر نگرانی ایس ایچ اوتھانہ صدر لالہ موسیٰ اور ایس آئی طارق محمود کو خصوصی ٹاسک دیا۔ جنہوں نے چند روز کے اندر ٹریس کرلیا۔ نعش کی شناخت حمید خاں ولد محمد مجید ساکن سراب گوٹھ حال مقیم پھالیہ سے ہوئی۔ مرکزی ملزم صادق ولد غلام حسین ساکن پھالیہ کو گرفتار کیا۔ جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے یہ واردات ملزم قادر خاں سکنہ سراب گوٹھ کراچی کے ساتھ مل کر کی ہے۔ مقتول کے پاس 15ہزار روپے تھے،جسے ہتھیانے کے لئے میں اور قادر خاں نے حمید خاں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور موضع ٹھرگلہ کے قریب حمید خاں کے ہاتھ باندھ کراور گلے میں پھندا ڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور بعد میں نعش گندم کی فصل میں پھینک دی اور 15ہزار روپے نکال فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فرار ملزم قادر خان کی گرفتار ی کے لئے بھی مختلف جگہوں پر چھاپے مارے جارہے۔ 

مزید :

علاقائی -