پشاور ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت جی ٹی روڈ پر رکشوں کی بندش کیخلاف احتجاج

 پشاور ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت جی ٹی روڈ پر رکشوں کی بندش کیخلاف احتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)رکشہ ڈرائیوروں نے پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت جی ٹی روڈ پر رکشوں کی بندش کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے پشاور بھر کا پہیہ جام کردیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں رش میں ایمبولینسز بھی پھنس گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز رکشہ ڈرائیوروں کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت جی ٹی روڈ پر رکشوں کی بندش کے خلاف شہر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور رکشے سڑک کے بیچ کھڑے کر کے سڑک کو بطرف صوبائی اسمبلی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں بعد ازاں رکشہ ڈرائیوروں کے احتجاج میں شدت آنے کے بعد رکشہ ڈرائیور صوبائی اسمبلی کی طرف گئے اور وہاں پر احتجاجی دھرنا دیا اور رکشے ملک سعد شہید فلائی اوور (سورے پل) کے نیچے کھڑے کردیئے جبکہ خیبر بازار اور گلبہار جانیوالی سڑک کو بھی بند کردیا جس سے دونوں اطراف مکمل طور پر بند ہو گئے اور گاڑیوں کی لمبی لمبی  قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں رش کے باعث ایمبولینسز بھی پھنس گئیں۔ شہر بھر میں ٹریفک جام اور احتجاجی رکشہ ڈرائیوروں کی وجہ سے بی آر ٹی سروس بھی عارضی طور پر معطل کی گئی تاکہ ڈرائیوروں کی جانب سے اس کو نقصان نہ پہنچایا جا سکے۔ اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے اندرون شہر راستے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کلیئر رکھے۔ بعد ازاں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت سے ان کے دفتر میں رکشہ ڈرائیوروں کے چیئرمین بدری الزمان جنرل سیکرٹری نادر خان نائب صدر ہاشم خان کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈرائیوروں کی جانب سے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کو مشکلات سے آگاہ کیا گیا اور ان سے مطالبہ کیا گیا کہ رکشہ ڈرائیوروں کو جی ٹی روڈ پر سفر کرنے کی اجازت دی جائے جس پر انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پشاور ہائی کورٹ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جس کو ہر صورت میں فالو کیا جائیگا جبکہ اس کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس دوران چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے مظاہرین سے درخواست کی کہ وہ عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر سڑکوں کو ٹریفک کیلئے کھول دیں جس پر رکشہ ڈرائیوروں نے سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا جبکہ کہا کہ وہ عدالتی احکامات کے حوالے سے جلد عدالت سے رجوع کریں گے اور مسئلے کے حل تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے کیونکہ جی ٹی روڈ پر رکشوں کے سفر پر عائد پابندی سے ان کا روزگار مکمل طور پر تباہ ہو کر رہ گیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے بھی مہنگائی میں کئی سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس سے ان کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور وہ فاقوں پر مجبور ہیں۔