کورونا، مزید29ہلاکتیں، 2253نئے مریض رپورٹ، سندھ میں 15اپریل تک لاک ڈاؤ ن کافیصلہ

    کورونا، مزید29ہلاکتیں، 2253نئے مریض رپورٹ، سندھ میں 15اپریل تک لاک ڈاؤ ن ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد، میرپور،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) کورونا وائرس سے 29 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 537 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 7 ہزار 453 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2253 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ادھر سندھ میں 15اپریل تک سمارٹ لاک ڈان لگانے کا فیصلہ کرلیاہے۔ شادی ہالز میں کھانا کھلانے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں شادی کی دعوت میں 300 افراد بلائے جاسکیں گے۔ تمام کاروباری مراکز رات 10 بجے بند کرنے ہوں گے۔ ہوٹل ہالز میں بیٹھ کر کھانا کھانے پر پابندی ہوگی۔محکمہ داخلہ سندھ نے کاروباری اوقات کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے،محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ دفاتر میں 50 فیصد اسٹاف کو بلایا جائے، اور گھر سے کام کو ترجیح دی جائے، شہریوں کو ماسک پہننا لازمی ہوگا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 6لاکھ 2 ہزار افراد کورونا وائرس کا شکارہوئے  اور وائرس سے اب تک 13 ہزار 537 اموات ہوچکی ہیں جس میں  سب سے زیادہ اموات 61 سے 70 سال کے درمیان افراد کی ہوئی جن میں اکثریت کراچی میں ہوئیں اور صوبوں کے اعتبار سے پنجاب میں شرح اموات سب سے زیادہ ہے۔دوسری جانب آزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن کے بعد تعلیمی ادارے کھلتے ہی 3بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، کوروناوائرس کے شکار بچوں کی عمریں 10 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔ ڈی ایچ او کیو ہسپتال نے میرپور میں 27اور بھمبر میں 18افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوروناسے100سے زائد افرادجاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 200سے زائد افرادکو گھروں میں قرنطینہ کیاگیاہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا کم نہ ہوا تو اسکول بند ہی رہیں گے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تیزی سی بڑھتے کورونا کیسز پر کہا کہ امتحانات کے بغیر طلبا کو اگلی کلاسوں میں پروموٹ کرنے کا آپشن برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں امتحانات کی وجہ سے کورونا کے سائے منڈلا رہے ہیں اور اگر کورونا سے حالات زیادہ خراب ہوئے تو کچھ بھی ممکن ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اگر بڑھتے کورونا کیسز میں کمی نہیں آئی تو اسکول بند رکھنے کا آپشن موجود ہے۔
کورونا وائرس

مزید :

صفحہ اول -