شہر کیلئے بڑا پیکیج عمران خان نے دیا، بد قسمتی سے اٹھارہویں ترمیم آڑے آجا تی ہے: علی زیدی 

شہر کیلئے بڑا پیکیج عمران خان نے دیا، بد قسمتی سے اٹھارہویں ترمیم آڑے آجا تی ...

  

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہاہے کراچی کے لئے بڑا پیکیج عمران خان دیا ہے،بدقسمتی سے اٹھارہویں ترمیم آڑے آجاتی ہے،ہم کچھ نہیں کرسکتے،آصف علی زرداری،بادشاہ بن کر بیٹھاہوا ہے،چودہ سال سے پیپلز پارٹی سندھ میں حکومت کررہی ہے حالات آپ کے سامنے ہیں آنے والے انتخابات میں سندھ کی حکمران جماعت پی ٹی آئی ہوگی۔پیرکوکلین اینڈ گرین پاکستان اسکاوٹس کیمپوری کی اختتامی تقریب گلستان اسکاوٹس ٹریننگ سینٹر کراچی میں منعقد ہوئی وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سید علی حیدر زیدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سیف الرحمن،ممبر صوبائی اسمبلی ارسلان گھمن، چیف اسکاؤٹ کمشنر سرفراز قمر ڈاہا، جسٹس(ر)حسن فیروز،سینئر ڈپٹی چیف کمشنر نظام الدین مینگل، ڈپٹی چیف کمشنر پروفیسر معین اظہر صدیقی، پی آئی اے بوائے اسکاوٹس ایسوسی کے سیکرٹری شمس خان،کیمپوری و نیشنل اسکاوٹ سیکرٹری صابر حسین نیازی،خیبر پختونخواہ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری افتخار شموئی زئی اوردیگربھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی زیدی نے کہاکہ کراچی کے لئے عمران خان نے بڑے پیکیج کا اعلان کیا ہے،اٹھارہویں ترامیم کی وجہ سے ہم بے بس ہیں 14سال سے سندھ میں پیپلز پارٹی اقتدار میں ہے۔انہوں نے کہاکہ زندگی کے چیلنجز سے نمٹے کے لئے یہ ٹریننگ بہت کام آئے گی زندگی جدو جہد کا نام ہے میں چار الیکشن ہارا ہوں پانچویں بارجیتا ہوں۔ہمارے چیئرمین نے ہمیں کبھی بھی مایوسی کی طرف نہیں جانے دیا۔انہوں نے کہاکہ کلین اینڈ گرین پاکستان اسکاوٹس کیمپوری کی تھیم وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے عین مطابق ہے اور وقت کی اہم ضرورت بھی ہے کیونکہ پاکستان کو سب سے زیادہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، زندگی میں انسان ہارتا اس وقت ہے جب وہ خود کو ناکام تصور کرتا ہے،ساری زندگی جدوجہد کا نام ہے، اگر لیڈر بننا ہے تو خود کو ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار کرنا ہوگا اور دوسروں کو حوصلہ دینا ہوگا، غلط اور صحیح کی تمیز آجائے تو جدوجہد ضرور کامیاب ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ زندگی میں کبھی دلبرداشتہ نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کے پی ٹی کی جانب سے چلائی جانے والی مینگرو گرین پاکستان مہم میں اسکاوٹس کو شمولیت کی دعوت دی جس کے تحت اب تک دس ہزار مینگرو کے درخت لگائے جا چکے ہیں۔ تقریب کی نظامت کے فرائض کیمپوری ڈائریکٹر اور سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے انجام دیئے جبکہ چیف اسکاوٹ کمشنر سرفراز قمر ڈاھا نے کلمات استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان اسکاوٹس کیمپوری منعقد کرنے میں سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن نے اہم کردار ادا کیا ہے،اسکاوٹس ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیاررہتے ہیں۔ انہوں نے کے پی ٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت ہمارے اسکاوٹس نے گہرے سمندر کی سیر کی اور اس دوران اسکاوٹس کو ساحل سمندر کی صفائی کرنے کابھی موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق اسکاوٹس نے شجر کاری مہم کے دوران 15لاکھ سے زائد پودے لگا چکے ہیں جبکہ اس کیمپوری کے دوران دس ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔تقریب میں برہانی اسکاوٹس، لاڑکانہ اسکاوٹس اور پی آئی ائے اسکاوٹس نے خوبصورت آئٹم پیش کئے جبکہ مہمان خاص کی آمد پر اسکاوٹس کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سید علی حیدر زیدی نے گلستان اسکاوٹس ٹریننگ سینٹر پر پودا بھی لگایا اور کیمپوری کے کیمپوں کا دورہ بھی کیا۔

مزید :

صفحہ اول -