عوام کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی بڑی کامیابی ہے‘ شوکت یوسفزئی

عوام کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی بڑی کامیابی ہے‘ شوکت یوسفزئی

  

پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبے کے سو فیصد عوام کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ملک درست ٹریک پر آ چکا ہے معیشت کے انڈیکیٹر بہتر ہو رہے ہیں انشاء اللہ عوام کو جلد ریلیف ملے گا انہوں نے کہا کہ سیاحت کی ترقی سے شانگلہ کی تقدیر بدل جائے گی۔ وہ گزشتہ روز شانگلہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں صحت انصاف کارڈ کے افتتاح کے بعد لوگوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے ضلعی صدر وقار احمد خان، ایم ایس ہسپتال شفیع الملک خان اور ڈاکٹر شریف اللہ ثاقب بھی موجود تھے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے غریب مریض بڑی بڑی بیماریوں کا مفت علاج کروا سکیں گے۔ڈی ایچ کیو ہاسپٹل میں صحت انصاف کارڈ کے اجراء سے مقامی لوگوں کو مفت علاج کرانے میں سہولت ہوگی۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اپوزیشن بکھلاہٹ کا شکار ہے اس کے پاس اب کوئی ایجنڈا نہیں رہا سینیٹ کے انتخابات  میں شکست نے پی ڈی ایم  کے مستقبل  پر آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن 2023  انتخابات کا انتظار کرے، نہ تو ان کا  لانگ مارچ اور نہ ہی ان کی دھمکیاں حکومت کا کچھ بگاڑ سکتی ہیں۔ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،شوکت یوسفزئی نے ہسپتال کے عملے پر زور دیا کہ وہ غریب مریضوں کی رہنمائی کریں اور ان کو زیادہ سے زیادہ صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں تعاون کریں۔شوکت یوسفزئی نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے مختلف وارڈزکا دورہ کیا اور صحت انصاف کارڈ کے لیے بنائے گئے ڈسک کا بھی معائنہ کیا۔

مزید :

صفحہ اول -