پیپلز پارٹی نے استعفوں سے انکار کیوں کیا؟ مولانا فضل الرحمان کے پریس کانفرنس چھوڑ کر جانے کے بعد یوسف رضا گیلانی نے اصل وجہ بتادی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ انہوں نے لانگ مارچ سے پہلے استعفے دینے کا معاملہ پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے سامنے پیش کرنے کیلئے وقت مانگا ہے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ہنگامہ خیز طویل اجلاس کے بعد رہنما پریس کانفرنس کیلئے آئے تو پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان لانگ مارچ کو ملتوی کرنے کا اعلان کرکے چلتے بنے۔ ان کے جانے کے بعد ڈائس مریم نواز اور یوسف رضا گیلانی نے سنبھالا اور میڈیا کو تسلیاں دیتے رہے کہ پی ڈی ایم متحد ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہوں نے اور بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کی قیادت سے یہ درخواست کی ہے کہ استعفوں کے معاملے پر انہیں وقت دیا جائے۔ پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا پہلا فیصلہ استعفوں کا حق میں نہیں تھا اس لیے ہم نے ان سے واپس سی ای سی میں جانے کا وقت لیا ہے۔