اگر آپ موٹاپے کا شکار ہیں تو یہ آپ کا نہیں آپ کی ماں کا قصور ہے، نئی تحقیق میں سائنسدانوں کاحیران کن انکشاف
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ موٹاپے کا شکار ہیں تو یہ آپ کا قصور نہیں بلکہ آپ کی ماں کا قصور ہے کیونکہ نئی تحقیق میں سائنسدانوں نے یہ حیران کن انکشاف کیا ہے کہ دوران حمل اگر ماں غیرصحت مندانہ خوارک کھائے تو اس کے ہاں پیدا ہونے والے بچے موٹاپے کا شکار ہوتے ہیں۔میل آن لائن کے مطابق اس تحقیق میں بریگھم اینڈ ویمنز ہسپتال بوسٹن کے سائنسدانوں نے ڈیڑھ ہزار خواتین کی دوران حمل خوراک کا جائزہ لیا اور ان کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں میں موٹاپے کے ساتھ اس کا موازنہ کرکے نتائج مرتب کیے۔
تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ مونتھے ڈریزی کا کہنا تھا کہ ہماری تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ ایسی اشیاءجو انفلیمیشن پیدا کرتی ہیں، اگر خواتین دوران حمل کھائیں تو ان کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کے موٹاپے کا شکار ہونے کا خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ اس کے برعکس وہ خواتین جواپنی خوراک میں سبزی اور پھلوں کا زیادہ استعمال کرتی ہیں، ان کے بچے موٹاپے کے لحاظ سے سب سے زیادہ صحت مند رہتے ہیں اور ان کا باڈی میس انڈیکس اعتدال میں رہتا ہے۔