عدم برداشت کو ختم کرکے معاف کرنے کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا: صدر مملکت 

عدم برداشت کو ختم کرکے معاف کرنے کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا: صدر مملکت 

  

لاہور(این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ ہے کہعدم برداشت کے کلچر کو ختم کر کے معاف کرنے کے کلچر کو فروغ دینا ہو گا،حکومت خواتین کو حقوق کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومتی اور انتظامی معاملات میں اختیارات کا غلط استعمال کسی بھی معاشرے کی تباہی کا سبب ہوتا ہے،حکومت کرپشن کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے،قومیں تب ترقی کرتی ہیں جب ان کے ادارے غیرجانبدار ہو کر اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں،سسٹم کی بہتری کیلئے ہر فردکو اپنا مثبت کردا ر ادا کرنا ہو گا،'بطور سول سرونٹس آپ کے دروازے عوام کیلئے ہمیشہ کھلے ہونے چاہئیں تاکہ ان کے مسائل حل کئے جا سکیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سول سروسز اکیڈمی والٹن میں 49ویں کامن ٹریننگ پروگرام کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے 49ویں کامن ٹریننگ پروگرام میں پاس ہونے والے آفیسرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاس آؤٹ ہونے  والے تمام آفیسرز بالخصوص انکے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے آپ کی تربیت کی اور آپ کو اس قابل بنایا کہ آج آپ اپنے مقصد میں کامیاب ہوئے ہیں،تعلیم کی حقیقت اپنی جگہ مسلمہ ہے جو کامیابی کی سیڑھی چڑھنے میں مدد فراہم کرتی ہے لیکن تعلیم کیساتھ ساتھ آپ کو حقیقی تربیت اپنے گھر سے اور اس جگہ سے ملی ہے،زندگی کے ہر دور میں آدمی سیکھتا ہے اور ہمیشہ سیکھنے کی خواہش رہنی چاہئے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ آپ کا اصل امتحان عملی زندگی میں شروع ہوگا جہاں پر آپ کو ثابت قدم رہ کر اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری ایمانداری سے پوری کرنا ہوں گی۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ضروری نہیں ہر آدمی ٹارگٹ حاصل کرلے لیکن کوشش جاری رکھنا چاہئے،ہر کوئی ایک دوسرے پر  بازی لینے کی کوشش میں مصروف ہے'زندگی کی دوڑ میں مقابلہ بازی ضرورہونی چاہیے لیکن دوسروں کا حق مار کر نہیں بلکہ دوسرے کی دلجوئی اور ان کا اعتماد حاصل کر کے انسان اپنے آپ میں خود بھی ایک معمہ ہے 'بہت کم لوگ اپنے آپ کو پہچانتے ہیں،انسان کو اپنی ذات کے اندر بھی انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنا چاہیے۔تقریب میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ افضل لطیف 'ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی عمر رسول،ڈائریکٹر کامن ٹریننگ پروگرام کامران احمد ودیگر بھی موجود تھے۔بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپورٹس اور اکیڈمک سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے افسران میں شیلڈز تقسیم کیں۔

صدر مملکت 

مزید :

صفحہ آخر -