رحیم یار خان: خواجہ فرید یونیورسٹی میں رنگارنگ ثقافتی میلہ‘ نوجوانوں کارقص 

رحیم یار خان: خواجہ فرید یونیورسٹی میں رنگارنگ ثقافتی میلہ‘ نوجوانوں کارقص 

  

 رحیم یار خان(بیورو رپورٹ) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ(بقیہ نمبر15صفحہ6پر)

 اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں رنگار رنگ کلچرل ڈے کا انعقاد کیاگیا جس میں پنجاب کی ثقافت کے مختلف رنگوں کو اجاگر کیاگیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے ثقافتی لباس زیب تن کئے، سٹالز سجائے جس میں چرخہ، رنگا رنگ چارپائیاں، برتن، حقہ اور دیگر ثقافتی اشیا نمائش کیلئے رکھی گئیں۔ نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا جبکہ دیگر شرکا نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ ثقافت کا دن منانے کا مقصد ان روایات کو زندہ کرنا ہے جو وقت کے ساتھ متروک ہورہی ہیں یا توجہ کی طالب ہیں۔ رنگارنگ ثقافتی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر بھی شریک ہوئے۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا تصوف اور محبت کی سرزمین ہے جو ہزاروں سالہ تاریخ کی وارث ہے۔ انہوں نے کہا زندہ قومیں نہ صرف ہمیشہ اپنی ثقافت کو زندہ رکھتی ہیں بلکہ اپنی روایات، تہذیب و تمدن کے پرچارکو خصوصی اہمیت دیتی ہیں۔ پنجاب کی ثقافت تہواروں،کھیلوں،ملبوسات اور قدیم مقامات سمیت اپنے اندر ہزاروں رنگ سموئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا زمانے کے ساتھ چلنا پڑتا ہے مگر جو لوگ اپنی تاریخ، ثقافت اوراپنے اجداد کی ثقافت کو نظر انداز کردیتے ہیں وہ تاریخ کے گمنام اوراق میں کھو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا اس دن کو منانے کامقصد اپنے نوجوانوں کو ہماری اصل ثقافت سے متعلق آگاہی دینا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہرکا کہناتھا کہ یہ دن پورے پنجاب کی ثقافت کو منانے کا دن ہے جس میں اس صوبے کے تمام باسیوں کے رہن سہن کو اجاگر کیاگیاہے۔ثقافتی دن کی خوشیوں میں تمام شعبہ جات کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا جب کہ شرکا خوب محظوظ ہوئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل رجسٹرارڈاکٹر صغیر احمد،ڈاکٹر میاں طارق محمود،ڈاکٹر اسلم خان، ڈاکٹر فرحان چغتائی، ڈاکٹر عدنان باجوہ، ڈاکٹر بلال طاہر، ڈاکٹر ثمینہ ثروت، ڈاکٹر بشیر گوندل سمیت سمیت مختلف شعبوں کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -