مشکل وقت میں ساتھ دینے والے دوست نہیں بھولتا،عطاء اللہ
لاہور(فلم رپورٹر) معروف فوک گلوکارعطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ میری کامیابی مسلسل محنت کا ثمر ہے اور اس میں اپنی کامیابی میں لاہور کے کردارکو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتا،جب میں نے گائیگی شروع کی تو گھر الوں نے نہ صرف سخت مخالفت کی بلکہ گھر سے بھی نکال دیا گیا۔ ایک انٹر ویو میں عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ مجھے داتا کی نگری میں پناہ ملی اور میں نے مختلف ملازمتیں کیں۔عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا ہے کہ میں نے لاہور سے اپنے کیرئیر کاآغاز کیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گیا۔ میں دنیا میں جہاں بھی جاؤں لاہور کو اپنے دل و دماغ سے نہیں نکال سکتا۔انہو ں نے کہا کہ مشکل وقت میں کام آنے والے دوست کبھی نہیں بھولتے اور جب تمام دوست ملتے ہیں توماضی کی خوشگوار یادوں میں کھو جاتے ہیں۔ عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ میرا ماضی بھی اچھا تھا اورحال بھی اچھا ہے اور دعا ہے کہ میرے مستقبل بھی اچھا ہو۔