یوم پاکستان پر لانگ مارچ کا اعلان قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے مترادف:عثمان بزدار

  یوم پاکستان پر لانگ مارچ کا اعلان قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے ...

  

       لاہور(جنرل رپورٹر)  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت اورحامد یار ہراج نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان پر لانگ مارچ کا اعلان قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ پی ڈی ایم کو قومی مفادات کا رتی بھر بھی احساس نہیں۔یہ لوگ اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے قومی مفادات کو داؤ پر لگارہے ہیں۔پی ڈی ایم نے سیاسی ناپختگی اور غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا۔موجودہ حالات میں منفی سیاست کی ذرا سی بھی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست کسی اصول یا نظریے کی بنیاد پر نہیں۔اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے اور ساتھ رہے گی۔ تحریک انصاف متحد ہے اور حکومت مدت پوری کرے گی۔لاہور میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سمارٹ واٹر میٹر لگیں گے۔ واسا اور غیر ملکی کمپنی کے درمیان سمارٹ واٹر میٹر لگانے کے حوالے سے معاہدہ ہوگیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں سمارٹ واٹر میٹر کی تنصیب کے سلسلے میں معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ Xiang لاہور واٹر میٹرنگ کمپنی اور واسا کے حکام نے سمارٹ واٹر میٹرز لگانے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ معاہدے کے تحت لاہو رمیں 7لاکھ 11ہزار سے زائد سمارٹ واٹر میٹر لگائے جائیں گے۔ کمپنی  93%گھریلو اور7%کمرشل سمارٹ میٹر لگائے گی۔ کمپنی 10 سال تک سمارٹ میٹر کی تنصیب او ردیکھ بھال کرے گی۔ سمارٹ ڈیجیٹل واٹرمیٹر کی بدولت گھر گھر جا کر ریڈنگ لینے کی ضرورت نہیں۔سمارٹ ڈیجیٹل واٹرمیٹر سے پانی کی بچت ہوگی اور واسا کاریونیو بڑھے گا۔ سمارٹ واٹر میٹرنگ پراجیکٹ کے مقامی اسمبلنگ پلانٹ سے روزگار کے مواقع پیدا اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ  پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی کے تحت لاہور میں سمارٹ واٹر میٹر نگ کا معاہدہ خوش آئندہے۔لاہو رواٹر میٹرنگ پراجیکٹ اپنی نوعیت کا نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے پہلا منصوبہ ہے۔ سمارٹ واٹر میٹرپراجیکٹ کی افادیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس کا دائرہ کا دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ ملک اسدکھوکھر،ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہاؤسنگ،واساحکام، چینی کمپنی کے عہدیداران اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ سردار عثمان بزدارنے لاہور چڑیا گھر میں درخت کا حصہ گرنے سے خاتون جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہو ئے سیکرٹری جنگلات سے رپورٹ طلب کر لی ہے - وزیر اعلی عثمان بزدار نے لواحقین سے دلی ہمدردی وتعزیت کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق خاتون کے زخمی شوہر کو علاج معالجہ کی بہترین سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے -  سردار عثمان بزدار نے گجرات میں ایک ہی خاندان کے 4افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ گرفتار ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور مقتولین کے لواحقین کو ہر صورت۔ انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -