بہتر طرز حکمرانی،ترقی وخوشحالی اولین ترجیحات،میئر حمایت اللہ

  بہتر طرز حکمرانی،ترقی وخوشحالی اولین ترجیحات،میئر حمایت اللہ

  

مردان (بیورورپورٹ)سٹی مئیر مردان حمایت اللہ مایار نے کہا ہے کہ بہتر طر ز حکمرانی، جمہوری اقدار کا فروغ، مقامی ترقی اور عوامی خدمت اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی میئرمردان کی حلف برداری تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس حوالے سے ایک پروقار تقریب ٹاؤن حال مردان میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر مردان حبیب اللہ عارف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مردان مجیب الرحمان، اسسٹنٹ کمشنر مردان ٹی ایم او مردان نثار خان کے علاوہ تمام پارٹیوں کے منتخب بلدیاتی نمائندے، سرکاری افسران اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریٹرننگ افسر ڈپٹی کمشنر مردان حبیب اللہ عارف نے نو منتخب سٹی مئیر مردان حما یت اللہ مایار سے اپنے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب سے خطا ب میں حمایت اللہ مایار نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 32اور 37کے تحت سیاسی اور انتظامی اختیار ات مقامی حکومتوں کو منتقل کئے جائیں تاکہ بہتر انداز میں عوامی نمائندگی اور خدمت یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی کونسل کا یہ باقاعدہ پہلا اجلاس بھی ہے لہٰذا میں آج سے ایگزیکٹیو آرڈر جاری کرتاہوں کہ نماز قائم کریں اور چاہے جتنی بھی ضروری میٹنگ ہوں، سرکاری کام کو چھوڑ کر 15منٹ پہلے نماز کی طرف متوجہ ہوں، دوسری بات امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کو اپنا شعار بنائیں، خود بھی برے کام نہ کریں اور دوسروں کو بھی برائی سے بچائیں اور ان امور میں سرکاری اختیار ات کو شامل کریں، انہوں نے کہا کہ جتنی بھی غلط رسومات ہیں ان کو ختم کروں گا، وراثت میں خواتین کے حصہ کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھاؤں گا، ہر مسجد میں احادیث اوردیگر مقدس کتابوں کی لائبریری قائم کی جائیگی تاکہ عوام کے اخلاقیات کے حوالے سے تربیت یقینی ہو۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین ہمار ا قیمتی اثاثہ ہیں ان کے جائز مسائل کے حل کے حوالے سے بھر پور اقدامات کئے جائینگے۔ سٹی مئیر نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو بہتر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے دوررس اقدامات بھی اٹھائے جائینگے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -