ہر پندرہ دن بعد جائزہ رپورٹ اعلی حکام کو پیش کی جائیگی،اعلامیہ جاری 

  ہر پندرہ دن بعد جائزہ رپورٹ اعلی حکام کو پیش کی جائیگی،اعلامیہ جاری 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے جعلی و غیر معیاری ادویات بیچنے اور بنانے والوں کیخلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ ادویات کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیف ڈرگ انسپکٹر یونس خٹک کی سربراہی میں پانچ رُکنی کمیٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پانچ رُکنی کمیٹی متعلقہ اضلاع میں متعلقہ ضلعی ڈرگ افسران کے ہمراہ مارکیٹوں اور ادویہ ساز فیکٹریوں پر اچانک چھاپے مارے گی۔ ٹیم ادویات اور فیکٹریوں کی رجسٹریشن و دیگر قواعد و ضوابط کی جانچ پڑتال کیساتھ کیساتھ ادویات کے معیار کو بھی یقینی بنائے گی۔ اس خصوصی کمپین کے ہر پندرہ دن بعد ٹیم جائزہ رپورٹ اعلی حکام کو پیش کرے گی جس میں صوبہ بھر میں ہونے والی کاروائیوں اور اس کے نتیجے میں اُٹھائے جانیوالے اقدامات کی تفصیل شامل ہوگی۔ اس خصوصی کمپین کے دوران غیررجسٹرڈ ادویہ ساز فیکٹریوں کی بھرمار کو روکنے اور ان فیکٹریوں کو قانون کے دائرے میں لانے کیلئے خصوصی اقدامات اُٹھائے جائینگے۔ کمیٹی کو جہاں اور جب بھی قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی ضرورت پڑے گی ان کی خدمات حاصل کرسکتی ہے۔ یہ کمیٹی تین ماہ تک خصوصی سرگرمیاں انجام دینگی۔