جانوروں میں پھیلی بیماری قدرتی آفت، تمام ممبران اپنا کردار ادا کریں: ڈپٹی کمشنر عمر کوٹ
عمرکوٹ (سید ریحان شبیر) ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ طاہر علی میمن نے کہا ہے کہ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن فورم سے منسلک تمام محکمے اور سماجی تنظیمیں قدرتی آفاتوں سے نمٹنے کے لیے بہتر حکمت عملی تیار کرنے کےلیے اپنی کوششیں تیز کردیں تاکہ آنے والی قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جا سکے۔ جانوروں میں پھلنے والی بیماری ایک قدرتی آفت ہے جس پر فورم کے تمام ممبران اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنا کردار بہتر طریقے سے ادا کریں تاکہ اس وبائی امراض پر قابو پایا جا سکے اور مالوند لوگوں میں پیدا ہونے والی پریشانی کو ختم کر سکیں۔وہ ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔
اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر گنیش کمار کتری کو کہا کہ مویشیوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کے حوالے سے ایک واضح آگاہی مہم چلائی جائےاور جانوروں کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ اس علاقے کی زیادہ تر آبادی کا گزر بسر جانوروں پر ہے۔
سماجی تنظیم کی رہنما ربیہ عباس نے کہا کہ ڈی آر آر فورم کے قیام کا مقصد یہ ہے کہ وہ قدرتی آفات سے نمٹنے اور لوگوں کی وقت پر مدد کریں، جس کے لیئے تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون کی اشد ضرورت ہے، اس موقع پر انہوں نے پاک مشن سوسائٹی کے ایک پروجیکٹ کی تکمیل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔