وزیر اعلیٰ پنجاب سے ایم پی اے غضنفر عباس چھینہ کی ملاقات، مکمل اعتماد کا اظہار کیا

وزیر اعلیٰ پنجاب سے ایم پی اے غضنفر عباس چھینہ کی ملاقات، مکمل اعتماد کا ...
وزیر اعلیٰ پنجاب سے ایم پی اے غضنفر عباس چھینہ کی ملاقات، مکمل اعتماد کا اظہار کیا

  

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ نے ملاقات کی ، ملاقات میں  باہمی دلچسپی کے امور اورسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

غضنفر عباس چھینہ نے  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرتے ہوئے ان  کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا  اور کہا کہ ہم  آپ کے ساتھ تھے،آپ کے ساتھ ہیں اورآپ کے سا تھ رہیں گے، وزیراعظم عمران خان اورآپ کی قیادت پر پورا اعتماد ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ  پنجاب نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے ناکہ سازشیں کرنے کا، ساڑھے تین برس کے دوران وہ کام کیے جو سابق حکومتیں 30برس میں نہ کرسکیں، اراکین اسمبلی میرے ساتھی اوردست و بازو ہیں، عوام کی خدمت کیلئے شب و روزمحنت کی اورارکان اسمبلی نے پورا ساتھ نبھایا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کیلئے تاریخی ترقیاتی پروگرام اورڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا، اپوزیشن صرف اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے سیاسی انتشار پھیلا رہی ہے، عوام کی حمایت سے اپوزیشن کی ہرسازش کو ناکام بنائیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل  جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ نے پاکستان تحریک انصاف کے ہم خیال چھینہ گروپ سے بھی رابطہ کیا تھا ،  نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق   جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ کی جانب سے ہم خیال چھینہ گروپ کے سربراہ سے رابطہ کیا گیا ، سربراہ چھینہ گروپ  غضنفر عباس نے  کسی بھی فیصلے سے قبل  اپنے دوستوں سے مشاورت کرنے کا وقت مانگا تھا۔

نجی ٹی وی کے مطابق سربراہ ہم خیال چھینہ گروپ غضنفر عباس نے کہا کہ  دوستوں کی مشاورت سے آگے بڑھ رہے ہیں ، مشاورت کیلئے وقت دیا جائے ۔

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -