ٹیسلا نے اپنی تمام کاروں کی قیمتیں بڑھا دیں، سب سے سستی کار ہی اتنی مہنگی ہوگئی کہ کئی لوگ کبھی خرید نہ پائیں

 ٹیسلا نے اپنی تمام کاروں کی قیمتیں بڑھا دیں، سب سے سستی کار ہی اتنی مہنگی ...
 ٹیسلا نے اپنی تمام کاروں کی قیمتیں بڑھا دیں، سب سے سستی کار ہی اتنی مہنگی ہوگئی کہ کئی لوگ کبھی خرید نہ پائیں

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی الیکٹرک کار ساز کمپنی ٹیسلا نے اپنی تمام کاروں کی قیمتیں بڑھا دی ہیں جس کے بعد کمپنی کی سستی ترین گاڑی کی قیمت 2ہزار ڈالر اضافے کے ساتھ 47ہزار ڈالر (تقریباً82لاکھ 22ہزار روپے)ہو گئی ہے۔میل آن لائن کے مطابق کمپنی کی طرف سے اپنی کاروں کی قیمتیں امریکہ اور چین دونوں ممالک میں بڑھائی گئی ہیں، جس سے کئی دیگر ممالک کے صارفین بھی متاثر ہوں گے۔ 

ایلون مسک کا کہنا ہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سپلائی چین میں رکاوٹ آنے کی وجہ سے خام میٹریل مہنگا ہو گیا ہے، جس کے سبب گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔دیگر خام مواد کی طرح ایلومینیم کی قیمت بھی بہت بڑھ گئی ہے جو کاروں کے باڈی ورک میں استعمال ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کیٹالیٹک کنورٹرز میں استعمال ہونے والا پیلاڈیم، بیٹریوں میں استعمال ہونے والے ’نِکل‘ اور لیتھیم بھی مہنگے ہو گئے ہیں۔

سی این بی سی کے مطابق ٹیسلا کروڑوں یورو مالیت کا ایلومینیم روسی کمپنی ’رسل‘ (Rusal)سے خریدچکی ہے جسے جرمنی کے دارالحکومت برلن کے قریب کمپنی کے نئے پلانٹ میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ جنگ کے ہنگام رسل کمپنی کے ارب پتی بانی اولیگ ڈیریپیسکا پر برطانیہ کی طرف سے پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔ 

قبل ازیں ایلون مسک کی طرف سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ ان کی کمپنی ٹیسلا افراط زر کے دباﺅ کا شکار ہے۔ ٹیسلا کی سب سے مہنگی کار ’ماڈل ایکس پلیڈ‘ ہے جس کی قیمت میں ساڑھے 12ہزار ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اب اس ماڈل کی قیمت 1لاکھ 38ہزار 990ڈالر (تقریباً اڑھائی کروڑ روپے)سے شروع ہو گی۔

مزید :

بزنس -