وفاقی انشورنس محتسب میں رمضان ایمرجنسی سیل قائم کر دیا گیا 

  وفاقی انشورنس محتسب میں رمضان ایمرجنسی سیل قائم کر دیا گیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی انشورنس محتسب نے ماہِ رمضان المبارک کے دوران انشورنس کلیم ملنے کی آس میں بیٹھے عوام کو بڑا ریلیف دینے کی نوید سنا دی۔وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹرمحمد خاورجمیل نے کہا ہے کہ رمضان کے پہلے عشرے میں موصول ہونے والی عوامی درخواستوں پر ہنگامی ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ڈائریکٹر جنرل وفاقی انشورنس محتسب مبشر نعیم صدیقی کی سربراہی میں رمضان ایمرجنسی سیل کے بینر تلے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔کمیٹی میں ملک بھر سے ادارے کے صوبائی مشیران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ مختلف انشورنس کمپنیز پر واجب الادا اپنے کلیم کے حصول کی درخواست وفاقی انشورنس محتسب کی ویب سائٹfio.gov.pk، ای میل ایڈریسinfohq@fio.gov.pk یا ٹول فری نمبر1082 پر درج کروائیں تاکہ عید سے قبل انشورنس کمپنیز کو ان رقوم کی ادائیگی کا پابند بنایا جاسکے۔یہ درخواستیں کراچی،حیدرآباد،سکھر،لاہور،اسلام آباد، کوئٹہ،اور ملتان کے ریجنل دفاتر میں ذاتی طور پر پیش ہوکر بھی جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ڈاکٹر خاور جمیل نے کہا کہ اس سال اب تک ملک بھر کے سائلین کو2.743بلین روپے کے انشورنس کلیم دلوائے جا چکے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ رمضان ایمرجنسی سیل کا قیام عوام کی مالی پریشانیوں اور بڑھتی مہنگائی کے تناظر میں ایک اچھا قدم ثابت ہو گا۔