لاہور ( آئی این پی وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ نے ماحولیاتی استحکام اور بین الاقوامی معاہدوں کی تعمیل کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے 12زہریلی کیڑے مار دواؤں پر مکمل پابندی کا اعلان کر دیا ہے، جو صحت اور ماحول کو نقصان پہنچانے کے باوجود ضرورت سے زیادہ استعمال کی جاتی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ وزارت کے سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں اہم سٹیک ہولڈرز اور ماہرین نے میتھائل برومائڈ پر بڑھتے ہوئے انحصار اور اس کے مضمرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔یہ کیڑے مار دوائیں جو پہلے گندم، کپاس، چاول اور سبزیوں جیسی اہم فصلوں میں کیڑوں پر قابو پانے کے لیے استعمال کی جاتی تھیں انہیں اب شدید ماحولیاتی انحطاط، پانی کے ذرائع کی آلودگی اور کسانوں اور صارفین میں صحت کے مضر اثرات سے جوڑا گیا ہے۔
ان کا مسلسل استعمال مقامی ماہرین اور بین الاقوامی ریگولیٹری اداروں دونوں کے لیے تشویش کا باعث رہا ہے۔