نوشکی: سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملے میں 3 جوانوں سمیت 5 افراد شہید، آئی ایس پی آر

Mar 16, 2025 | 11:30 PM

 راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )ضلع نوشکی میں ایک گاڑی میں سوار خودکش بمبار نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے  کے نزدیک خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں نے خود کش حملہ کیا، جس میں 3 جوانوں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔گاڑی میں سوار خودکش بمبار نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب خود کو دھماکے سے اُڑایا، خود کش حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 3 جوان اور 2 معصوم شہری شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس حملے میں حوالدار منظور علی، حوالدار علی بلاول اور نائیک عبدالرحیم نے جام شہادت نوش کیا۔ دیگر شہداء میں 2 سویلین ڈرائیورز جلال الدین اور محمد نعیم شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا، بزدلانہ عمل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کےلیے پُرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں اور شہریوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزیدخبریں