روم ماسٹرز اوپن،راجر فیڈرر اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر

روم ماسٹرز اوپن،راجر فیڈرر اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر

روم ( نیٹ نیوز) سپین کے عالمی نمبر ایک رافیل نڈال، انگلینڈ کے اینڈی مرے، فرانس کے جوویلفریڈ تسونگا اور جرمنی کے ٹومی ہاس روم ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز تیسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئے۔ سوئس سٹار راجر فیڈرر اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ روم میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز ایونٹ کے دوسرے راﺅنڈ میچ میں ہسپانوی کلے کورٹ کے بادشاہ رافیل نڈال نے سخت مقابلے کے بعد فرانس کے گیل سیمون کو 7-6(7-1)، 6-7(4-7) اور 6-2 سے ہرا کر ایونٹ کے تیسرے راﺅنڈ تک رسائی حاصل کی۔ برطانیہ کے اینڈی مرے نے عمدہ کارکردگی کی بدولت حریف اسپینش کھلاڑی مارسیل گرانولرز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 7-5 سے زیر کر کے تیسرے راﺅنڈ تک رسائی حاصل کی۔ ایک اور میچ میں فرانس کے جوویلفریڈ تسونگا نے شاندار کھیل کی بدولت جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو ٹائی بریک پر اعصاب شکن مقابلے میں 7-6 ،(16-14) اور 7-6، (7-5) سے زیر کر کے تیسرے راﺅنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ ایک اور میچ میں فرانس کے جریمی چارڈے نے سترہ گرینڈ سلیم چیمپئن راجر فیڈرر کو زبردست مقابلے کے بعد 1-6، 6-3 اور 7-6 سے ہرا کر تیسرے راﺅنڈ تک پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ٹومی ہاس اور ایوان ڈوڈگ بھی دوسری رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی