جماعت اسلامی کی بہاولپور صوبہ کے حوالے سے قرارداد اسمبلی میں جمع
لاہور(سپیشل رپورٹر)پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے بحالی صوبہ بہاولپور کے حوالے سے قرارداد‘دوبارہ پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی قرار داد کے متن میں کہاگیاہے کہ”پنجاب اسمبلی( سیشن 2008تا2013 )نے متفقہ طور پر صوبہ بہاولپور کی بحالی کی قرار داد پاس کی تھی اسمبلی نے جب قرار داد پاس کی تو اس وقت آپ ہی اسپیکر اسمبلی تھے ، اب بھی آپ ہی سپیکر کے منصب پر فائز ہیں اس وقت اسمبلی رولز کونرم کرکے قرارداد متفقہ طور پر پاس کی گئی میںنے گذشتہ اسمبلی سیشن میں بھی بحالی صوبہ بہاولپور کی قرار داد جمع کرائی لیکن جناب نے اسے مسترد کردیا اب میں بحالی صوبہ بہاولپور کی قرار دادپھرسے پیش کررہا ہوںیہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ اس قرار داد کی روشنی میں وفاق صوبہ بہاولپور کی بحالی کے لیے اقدامات کرے“علاوہ ازیں ڈاکٹر سید وسیم اختر نے میڈیاکو جاری کردہ بیان میں کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا آئینی وقانونی حق نہیں دیا جارہاالگ صوبے کاقیام اور بہاولپور صوبہ کی بحالی عوام کادیرینہ مطالبہ ہے جسے تمام حکومتوں نے وعدوں کے باوجود پورانہیں کیاضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ حکمران سرائیکی عوام سے کیے گئے وعدوںکوپوراکریںملک میں انتظامی لحاظ سے جتنے زیادہ صوبے ہوں گے پاکستان اتناہی زیادہ مضبوط ومستحکم ہوگا۔