جماعت اسلامی آمریت کا رستہ ہموار کرنے والی کسی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی،سراج الحق
لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ اس وقت ہم دشمن کے نرغے میں ہیں ۔ ہمارا دشمن ہمارے نظریے اور تہذیب پر حملہ آور ہے ۔ منبر و محراب سے اس کے خلاف جدوجہد کا آغاز کیا جائے ۔ میں ملک کی تمام اقلیتوں کو ضمانت دیتاہوں کہ ہم برسراقتدار آ کر ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکز علوم اسلامیہ منصورہ سے فارغ التحصیل ہونے والے علما کی دستار بندی اور ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ تحریک انصاف سمیت کوئی جماعت بھی حکومت کو گرا کر ملک میں مارشل لاء اور آمریت کا راستہ ہموار نہیں کرناچاہتی ۔ انہو ں نے کہاکہ جماعت اسلامی انتخابی نظام میں بہتری اور اصلاحات چاہتی ہے مگر کسی ایسی مہم جوئی کا حصہ نہیں بنے گی جس سے ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچے ۔ انہوں نے پولیو ویکسی نیشن مہم کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہاکہ قبائلی علاقوں سمیت خیبر پختونخوا میں پولیو مہم جاری ہے ۔ یہ تاثر دینا کہ علمائے کرام اس مہم کے خلاف ہیں ، بالکل درست نہیں ۔ اس بار مولانا سمیع الحق نے اکوڑہ خٹک میں بچوں کو پولیو قطرے پلا کر پولیو کے خاتمے کی مہم کا افتتاح کیاہے جو واضح پیغام ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو پولیو کے خاتمے کی مہم میں حصہ لیناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشتگردی اور بدامنی کے اصل ذمہ دار امریکی کاسہ لیس ہیں ۔ عوام امریکہ اور اس کے حواریوں اور استحصالی قوتوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔ انہو ں نے کہاکہ عوام جمہوریت کو یرغمال بنانے والوں کو اچھی طرح جانتے ہیں جو جمہوریت کے نام پر دھوکہ دیتے ہیں ۔انہو ں نے کہاکہ اس وقت دشمن نے پاکستان کا محاصرہ کر رکھاہے یہ دشمن پہاڑوں اور دریاؤں پر قبضہ کے لیے نہیں بلکہ پاکستان سے اس کی شناخت چھیننا چاہتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو اس محاصرے سے نکالنے کی ذمہ داری مدارس اور منبر و محراب کے وارثوں کی ہے ۔