رمضان المبارک سے قبل آلو کی ذخیرہ اندوزی عروج پر ۔منافع خوروں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ

رمضان المبارک سے قبل آلو کی ذخیرہ اندوزی عروج پر ۔منافع خوروں کے خلاف آپریشن ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                     لاہور(جاوید اقبال) ضلعی حکومت نے بھارت سے آنے والے ڈیوٹی فری آلو کو سستے داموں خرید کر مارکیٹ سے غائب کرنے والے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں ضلعی حکومت کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ بھارت سے آنیوالا آلو رمضان المبارک کے لئے یعنی بڑے ذخیرہ اندوز خرید کر مارکیٹ سے غائب کرنے کے لئے کولڈ سٹوروں میں رکھ رہے ہیں جس پر آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی منظوری وزیر اعلیٰ پنجاب سے حاصل کرنے کے لئے سمری تیار کر لی گئی ہے ضلعی حکومت کو شکایات موصول ہوئی ہیں کہ بھارت سے آنیوالا آلو ذخیرہ اندوزوں نے خرید کر کولڈ سٹور بھر لئے ہیں جس سے ایک مرتبہ پھر شہر لاہور سمیت گرد و نواح میں آلو کی قیمت ”بے قابو“ ہو گئی، بھارت سے آلو آنے کے بعد آلو کی فی کلو گرام قیمت 60روپے سے کم ہو کر 36روپے میں آ گئی تھی جبکہ آلو ذخیرہ اندوزوں کے ہتھے چڑھ جانے کے باعث ایک مرتبہ پھر آلو کی قیمت 55روپے تک پہنچ گئی ہے جس پر قابو پانے میں ضلعی حکومت مکمل ناکام ہو گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ بھار ت سے آنیوالا ڈیوٹی فری آلو پر ذخیرہ اندوز اور منافع خور مافیا نے قبضہ کر لیا ہے روزانہ بھارت سے آنیوالے آلو کی بڑی کھیپ سستے داموں خرید کر اپنے کولڈ سٹوروں میں ذخیرہ کر رہے ہیں لاہور اور گرد و نواح میں منافع خور مافیا کے سینکڑوں کولڈ سٹور موجود ہیں جن میں بھارت سے آنیوالے آلو 30روپے سے 34روپے فی کلو گرام کے حساب سے خرید کر ذخیرہ کرائے ہیں جس سے مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر آلو کا بحران پیدا ہو گیا ہے اور آلو کے نیچے آئی ہوئی قیمتیں پھر آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں ، گزشتہ روز آلو کی قیمت 55روپے سے تجاوز کر گئی جس کی بنیادی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ بھارت سے آنیوالا آلو بڑے بیوپاری خرید کر کولڈ سٹور کر رہے ہیں جو رمضان المبارک میں مہنگے داموں فروخت کرنے کے لئے مارکیٹ میں لائیں گے، اس حوالے سے ضلعی حکومت کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور پرائس کنٹرول سیل کے انچارج امین اکبر چوپڑا نے کہا کہ یہ بات علم میں آئی ہے کہ بھارت سے آنیوالا ڈیوٹی فری آلو بڑے بیوپاری خرید کر سٹور کر رہے ہیں جو رمضان المبارک میں مہنگے داموں فروخت کر کے بھاری منافع کمانا چاہتے ہیں ان کی چالیں ناکام بنا دیں گے انہوں نے کہا کہ اس کے لئے خفیہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور سٹوروں پر چھاپے مار کر ذخیرہ کیا گیا آلو مارکیٹ میں لائیں گے جس کے لئے حکومت سے منظور کی حاصل کی جا رہی ہے ڈی سی او لاہور اپنی ٹیموں کے ہمراہ روزانہ منڈیوں کے اچانک معائنہ کر رہے ہیں آلو ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف جلد آپریشن کیا جائے گا۔