حکومت خصوصی بچوں کی فلاح وبہبودکیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے،توصیف شاہ
لاہور(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید توصیف شاہ اور چودھری علی عدنان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت معذوربچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے، اس مقصد کیلئے اکیلے حکومت نہیں، این جی او اور مخیر حضرات کو بھی اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہےئے تاکہ خصوصی بچوں کااحساس کمتری دور کیا جاسکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رائزنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام خصوصی بچوں میں ایوارڈ کی تقسیم کے دوران کیا۔ تقریب سے ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن فاضل چیمہ، ملک ،اعجاز، علی مختار جعفری، شاہد عباس ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ چودھری علی نے عدنان نے کہا کہ خصوصی بچوں کی نگہداشت اور تعلیم وتربیت کا فریضہ ادا کرنیوالے والدین اور اساتذہ کی قدر کرنی چاہےئے جوکہ کھٹن خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں خصوصی بچوں کیلئے سکول کالجز سمیت بہت سے ٹیکنیکل ادارے بنائے ہیں تاکہ یہ بچے ہنر سیکھ کر اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکیں۔ اپنے خطاب کے دوران سید توصیف شاہ نے اعلان کیا کہ گلشن اقبال پارک کے اندر خصوصی افراد کیلئے جگہ مختص کراؤں گا جہاں پر یہ افراد اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ تقریب کے دوران بہت سے معذور افراد نے اپنے مسائل کے حل کیلئے درخواستیں دیں، توصیف شاہ نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ سے مشاورت کے بعد ان کو حل کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔ تقریب کے آخر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خصوصی بچوں میں شیلڈ تقسیم کی گئیں۔