تحریک انصاف کی ریلیوں کے پیچھے دشمن ملک کے سازشی عناصر ہیں، رانا ثنا اللہ

تحریک انصاف کی ریلیوں کے پیچھے دشمن ملک کے سازشی عناصر ہیں، رانا ثنا اللہ

لاہور( سپیشل رپورٹر) پنجاب کے وزیر قانو ن و بلدےات رانا ثنا اللہ خاں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی ریلیوںاور دھرنوں کے پیچھے دشمن ملک کے سازشی عناصر ہیں عمران خان اور ان کی جماعت کے کارکن غیر شعوری طور پر دشمنوں کے ہاتھوں میں استعمال ہورہے ہیں انکی ڈورےاں کسی اور کے ہاتھ میں ہیں وہ چار حلقوں کے انگوٹھوں کی نشاندہی کے مطالبے کی آڑ میں جمہوریت کو عدم استحکام سے دو چار کرنا چاہتے ہیں ۔ وہ پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریامیں صوبائی اسمبلی کے آٹھویں سیشن کے اجلاس سے قبل میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دے رہے تھے۔رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ آج سے شروع ہونے والا اجلاس 30مئی تک جارہے گا،اس میں آئینی تقاضوں کے تحت صوبائی اسمبلی کی کارروائی کے سو دن بھی پورے کیے جائیں گے جبکہ اس کے ساتھ اجلاس میں بجٹ تجاویزبھی زیر غور آئیں گی، اسی طرح 5نئے بل اور سٹینڈنگ کمیٹی کی رپورٹس پیش ہوں گی۔انہوں نے اپوزیشن کی طرف سے میڈیا ہاﺅسز کے بارے میں قرار داد کے بارے میں سوال پر کہا کہ حکومت قومی اداروں، جمہوریت کے استحکام اور میڈیا کی آزادی کے بارے میں متفقہ قرار داد لانے کےلئے تیار ہے مگر پی ٹی آئی کی مخصوص قرارداد کی حمایت نہیں کی جائے گی ۔تحریک انصاف کے فیصل آباد میں جلسے اور انتخابی اصلاحات کے بارے میں سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کی نیت ٹھیک نہیں ہے ان کے پیچھے ملک دشمن عناصر کی ڈوریاں ہیں ،جب بھی پاکستان ترقی کی منزل کی طرف ٹیک آف کرنے لگتا ہے یہ قوتیں میدان میں آجاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ کا اتحاد صفر جمع صفر ثابت ہو گا ۔آصف علی زرداری سے ملاقات کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کچھ بھی ہوں مگر اس کے ساتھ وہ ایک بڑی قومی پارٹی کے چیئرمین اور سابق صدر پاکستان بھی ہیں اور ملک کی سیاسی قیادت اور فوجی قیادت کا امن وامان کےحوالے سے ایک پیج پر اکھٹے ہونا ایک واضح پیغام ہے ۔

 

مزید : صفحہ آخر