فیصل آباد جلسہ کی تاریخ کا اعلان ہونے سے رانا ثناءاللہ کی نیندیں اڑ گئی ہیں،محمود الرشید

فیصل آباد جلسہ کی تاریخ کا اعلان ہونے سے رانا ثناءاللہ کی نیندیں اڑ گئی ...

لاہور(سپیشل رپورٹر) اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمود الرشید نے صوبائی وزیر قانون کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا کہ جب سے فیصل آباد جلسہ کی تاریخ کا اعلان ہوا ہے رانا ثناءاللہ کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں ، تحریک انصاف کی ڈوری عوام کے ہاتھ میں ہے دہاڑیاں دے کر مجمع لگانا ن لیگ کا کلچر ہے، حکمران جتنی چاہیں چیخیں ماریں دھاندلی کے خلاف تحریک ِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تحریک منطقی انجام تک پہنچے گی اور حقیقی جمہوریت کا سورج طلوع ہو کر رہے گا، انہوں نے اپوزیشن چیمبر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی ہر چھوٹی بڑی جماعت دھاندلی کے خلاف عمران خان کے موقف کی تائید اور غیر مشروط حمایت کا اعلان کررہی ہے، حکمران بڑی تیزی کے ساتھ سیاسی تنہائی کا شکار ہورہے ہیںاور بے بسی کا یہ عالم ہے کہ جنہیں سڑکوں پر گھسیٹنے کی بڑھکیں ماری جاتی تھیں آج ان سے مد د کی بھیک مانگ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی اپنی نیت میں فتور ہے اگر دال میں کالا نہ ہوتا تو یہ لاہور کے چار حلقوں کے ووٹوں کی تصدیق کی راہ میں رکاوٹ نہ بنتے ، عمران خان کی جدوجہد حقیقی جمہوریت کے قیام اور مستحکم پاکستان کے لیے ہے ، جعلی مینڈیٹ والے حکمران اب اس سونامی کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکیں گے

محمود الرشید

 

مزید : صفحہ آخر