ملکی معیشت میں تاجر برادری کا کردار لائق تحسین ہے،چودھری سرور

ملکی معیشت میں تاجر برادری کا کردار لائق تحسین ہے،چودھری سرور

لاہور( سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان بلا شبہ مواقعوں کی سر زمین ہے ، صنعت و حرفت ہو یا زراعت یہاں ہر شعبے میں پھلنے پھولنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعتکاروں کے علاوہ دنیا کی بڑی بڑی کمپنیوں اور کثیرالملک گروپوں کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان تجارتی سرگرمیوں کے لیے بہترین ملک ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ساتویں سی ای او (CEO)سمٹ ایشیا کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا جس میں پاکستان کے نامور بزنس مینوں اور عالمی کمپنیوں کے سربراہان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب میں پاکستان کی سو معتبر ترین کاروباری اور سیاسی شخصیات کی خدمات اور کامیابیوں پر مشتمل کتاب کی تقریب رونمائی بھی کی گئی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی معیشت میں تاجر برادری کا کردار لائق تحسین ہے جو توانائی بحران اور دیگر مشکلات کے باوجود ملک میں معیشت کا پہیہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ ملک کو معاشی میدان میں آگے بڑھانے کا عزم رکھنے والے ملکی تاجر مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ آج وہی قومیں عالمی اور سیاسی میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں جو معاشی اور اقتصادی لحاظ سے مضبوط ہوں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی قیادت ایک واضح معاشی وژن رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ اقتدار سنبھالتے ہی انہو ں نے معاشی سرگرمیو ں کو فروغ دینے کے لیے متعدد پالیسیوں کا آغاز کیا ۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے نتیجے میں عالمی سطح پر ملکی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور آج دنیا کی شاید ہی کوئی بڑی کمپنی یا گروپ ایسا ہو جو پاکستان میں اپنی مصنوعات کو مارکیٹ کرنے کا ارادہ نہ رکھتا ہو۔انہو ں نے کہا کہ ملک میں مضبوط اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ۔ اب تاجروں کو چاہیے کہ وہ ان مواقعوں سے استفادہ کرتے ہوئے ملک میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیں تاکہ ملک سے غربت ، بیروزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے شعبے اور سیکٹرز تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

مزید : علاقائی