سابق گورنر خالد مقبول کے پلازے میں خلاف قوانین تعمیرمکمل ،جرمانے کا نوٹس تیار
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ویلنشیا ٹاﺅن میں واقع سابق گورنر پنجاب خالد مقبول کے پلازہ میں ایل ڈی اے قوانین کے متضاد تعمیرات کرلی گئیں۔ ویلنشیا ٹاﺅن کے پلاٹ نمبر 18-D پر واقع پلازہ کے فرسٹ اور سیکنڈ فلور کا بیشتر حصہ ایل ڈی اے سے نقشہ منظوری کے بغیر تعمیر کیا گیا ہے جبکہ مذکورہ پلازے کو مکمل کرنے کے بعد اتھارٹی سے کمپلیشن سرٹیفکیٹ بھی حاصل نہیں کیا گیا۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ ٹاﺅن پلاننگ نے مذکورہ پلازہ کی طرف سے غیر قانونی تعمیرات کرنے اور کمپلیشن سرٹیفکیٹ حاصل نہ کرنے پر پانچ لاکھ روپے جرمانے کا نوٹس تیار کرلیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق گورنر پنجاب خالد مقبول نے کچھ سال قبل ویلنشیاءٹاﺅن کے پلاٹ نمبر 18-D پر پلازہ تعمیر کروایا تھا جس کا نقشہ ایل ڈی اے سے منظور کروایا گیا مگر بعد ازاں پلازہ کے فرسٹ اور سیکنڈ فلور کے بیشتر حصے کو نقشہ منظوری کے بغیر ہی تعمیر کرلیا گیا۔ ایل ڈی اے کی طرف سے ان غیر قانونی تعمیرات کو ختم کرنے کے لئے پلازہ انتظامیہ کو تین نوٹسز بھی جاری کئے گئے مگر پلازہ انتظامیہ کی طرف سے ان غیر قانونی تعمیرات کو ختم نہ کیا گیا۔ سابق گورنر پنجاب خالد مقبو نے اس حوالے سے بتایا کہ وہ مذکورہ پلازہ بیٹی کے نام کرچکے ہیں اور ان کا اس پلازے سے کوئی تعلق نہیں۔ ایل ڈی اے کی طرف سے جاری ہونے والے نوٹس کا جواب اور ہرجانہ ان کی بیٹی ہی ادا کرے گی۔