حکومت جانے سے جمہوریت ڈی ریل نہیں ہو گی، الیکشن ہو جائیں گے، جیو کے خلاف ثبوت میڈیا کو دوں گا: عمران خان

حکومت جانے سے جمہوریت ڈی ریل نہیں ہو گی، الیکشن ہو جائیں گے، جیو کے خلاف ثبوت ...
حکومت جانے سے جمہوریت ڈی ریل نہیں ہو گی، الیکشن ہو جائیں گے، جیو کے خلاف ثبوت میڈیا کو دوں گا: عمران خان

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جیو نیوز کے انتخابات کے دوران دھاندلی میں ملوث ہونے کے ثبوت میڈیا کو دینے کا اعلان کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ جیوٹی وی حکومت کا میڈیا سیل ہے، کاروباری مفاد کیلئے جیو پر میری کردار کشی کی گئی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے جیو کے خلاف ثبوت میڈیا کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میں بیٹھا ایک شخص کنگ میکر بنا ہوا ہے، کل پریس کانفرنس میں تمام ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کروں گا، دوسروں کا کلچر پاکستان پر تھوپنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چار حلقوں سے ڈر لگ رہا ہے، چار حلقوں میں تصدیق ہوئی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، حکومت جانے سے جمہوریت ڈی ریل نہیں ہو گی، الیکشن ہو جائیں گے، دھاندلی سے بننے والی حکومت حکو عوامی مسائل کی فکر نہیں ہوتی ، ملک میں خوشحالی صاف شفاف الیکشن سے آئے گی، الیکشن چوری کرنے والوں کو آرٹیکل چھ کے تحت سزا دینی چاہئے، جزا اور سزا کے نظام تک معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا، مجرم کو سزائیں دینے تک جرم ختم نہیں ہو سکتا، حکمران باہر سے جمہوری اندر سے آمر ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے آتے ہی 500 ارب الیکشن میں پیسہ لگانے والوں کو دیئے اور ایک سال میں 57 ارب ڈالر قرضے لے لئے، ملک کا حال برا ہے اور نواز شریف کو ووٹروں سے فرصت نہیں، نواز حکومت نے مہنگائی میں اضافہ کیا اور قیمتیں دوگنا ہو گئی ہیں، آمریت کی پیداوار حکمران اوپر سے جمہوری، اندر سے ڈکٹیٹر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے 200 ارب ڈالر سوئس بینکوں میں پڑے ہیں اگر وہ پاکستان لائے جائیں تو کوئی ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا خاندان برطانیہ میں بڑے سرمایہ کاروں میں شمار ہوتا ہے،کسی ملک کو کاروبای وزیراعظم نہیں چاہئے، مغرب میں کوئی لیڈر کاروبار نہیں کر سکتا، پورے ملک میں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، رائے ونڈ میں نہیں ہوتی، نوجوانوں کو بیدار کر دیا ہے۔

مزید : اسلام آباد /اہم خبریں