ٹیوٹا فٹ وئیر انڈسٹری کو ماہر افرادی قوت فراہم کرے گی‘عرفان قیصر شیخ

ٹیوٹا فٹ وئیر انڈسٹری کو ماہر افرادی قوت فراہم کرے گی‘عرفان قیصر شیخ

لاہور (کامر س رپورٹر) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) شو اپر سٹچر(Shoe Upper Stitcher)کیلئے ماہر افرادی قوت فراہم کرے گی۔ اس سلسلے میں ٹیوٹا اورپاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(پی ایف ایم اے) کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر گزشتہ روز(جمعہ) کوٹیوٹا سیکریٹریٹ میں دستخط ہو گئے۔ چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور چیئرمین پی ایف ایم اے محمد یونس نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس معاہدے کا مقصد فٹ وئیر انڈسٹری کیلئے ہنر مند سٹچر کی تربیت کرنا ہے۔شو اپر سٹچر شارٹ کورس کولاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جائے گا اور کامیاب آغازکے بعد اس کورس کو گوجرانوالہ میں بھی شروع کیا جائے گا۔چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی،پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(پی ایف ایم اے) کے عہدیداران اور ٹیوٹا افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عرفان قیصر شیخ نے کہاکہ ٹیوٹا اس کورس کیلئے تربیتی ادارے، اساتذہ اور نصاب فراہم کرے گی جبکہ پی ایف ایم اے عملی تربیت کیلئے مشینری و آلات، انٹرنشپ، ماہرین کے لیکچرز ، نصاب میں ترمیم کیلئے مشاورت اور کورس مکمل کرنے والی افرادی قوت کیلئے روزگار فراہم کرے گی۔ یہ کورس ہر خاص و عام طلباء کیلئے پیش کیا جائے گا جوناخواندہ ترجیحا پرائمری پاس ہوں۔ ٹیوٹا نصاب، فیکلٹی اور ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ(TTB) /پنجاب بورڈآف ٹیکنیکل ایجوکیشن (PBTE) کے ذریعے امتحان اور سرٹیفیکیشن فراہم کرے گی۔ امتحان پاس کرنے کے بعدکامیاب امیدواروں کو ٹیوٹا اور پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(پی ایف ایم اے)مشترکہ سرٹیفکیٹ جاری کریں گے۔

اس منصوبے سے طالب علموں کیلئے مقامی اور عالمی سطح پرروزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہو گا۔ چیئرمین پی ایف ایم اے محمد یونس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹیوٹااور پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PFMA)کے مشترکہ تعاون سے اس سیکٹر میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی ۔ فٹ ویئر انڈسٹری بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر تقریبا پانچ لاکھ افراد کو روزگار فرہم کر رہی ہے۔ یہ صنعت پاکستانی چمڑے کو بیش قیمتی جوتوں کی شکل میں کثیر تعداد میں تیار کر کے دنیا بھر کے ممالک کو برآمدکرتی ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پی ایف ایم اے فارغ التحصیل طلباء کو انڈسٹری میں زیادہ سے ذیادہ روزگار فراہم کرنے میں یقینی مدد فراہم کریگی۔

مزید : کامرس


loading...