ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا کاروباری ترقی کا بہت اہم ذریعہ بن چکے ہیں

ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا کاروباری ترقی کا بہت اہم ذریعہ بن چکے ہیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) آج کے دور میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا کاروباری ترقی کا بہت اہم ذریعہ بن چکے ہیں لہذا پاکستانی تاجروں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر، سٹینڈنگ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کنوینر شہزاد احمد، ہارون شیر خان اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے لاہور چیمبر میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ ترقی کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تاجر ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا جیسی ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کریں اور تحقیقی اداروں اور محققوں کو چاہیے کہ ملک کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کریں۔ میاں نعمان کبیر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے لیے خاطر خواہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ملک کو ٹیکنالوجی کے سلسلے میں ترقی یافتہ ممالک پر انحصار کرنا پڑا ہے حالانکہ ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کاروبار کرنے کے طریقے تبدیل کردئیے ہیں اور اس کی بدولت اب کم وقت میں زیادہ کام کرنا ممکن ہوگیا ہے۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت کمپنیوں کے لیے اپنے صارفین تک پہنچ بہت آسان ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کارکردگی کو بہتر اور پیداوار میں اضافہ کرتی ہے جس کی بدولت کاروباری گروپ ترقی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سلسلے میں پاکستان اُن ممالک سے بھی پیچھے ہے جو چند دہائیاں قبل پاکستان سے کہیں پیچھے تھے۔
لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کنوینر شہزاد احمد نے کہا کہ آج کے جدید دور میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا صارفین تک رسائی کا بہترین ذریعہ بن چکے ہیں، تاجر ان ذرائع سے نہ صرف اپنی مصنوعات کے لیے زیادہ صارفین حاصل کرسکتے ہیں بلکہ اْن سے براہِ راست رابطہ کرکے اپنے کاروبار کو کم وقت میں زیادہ وسعت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ان پہلوؤں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں جس سے ملکی معیشت بھی ترقی کرے گی۔

مزید :

کامرس -