ایف بی آر تجارتی و معاشی سر گرمیوں کو متاثر کرنے والے مسائل پر توجہ دیں‘ خواجہ خاور رشید

ایف بی آر تجارتی و معاشی سر گرمیوں کو متاثر کرنے والے مسائل پر توجہ دیں‘ ...

لاہور(کامرس رپورٹر)چےئرمین وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت کی قائمہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر و ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) تجارتی و معاشی سر گرمیوں کو متاثر کرنے والے مسائل پر توجہ دیں،ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکس نیٹ کوبڑھایا جائے ،ایف بی آرکو انڈر انوائسنگ کے مسئلے پرخاص توجہ دینی چاہیے کیونکہ یہ معیشت کے لئے خطرہ بن چکی ہے۔انہوں نے (ایف بی آر) کی جانب سے سیلز ٹیکس آڈٹ کے نام پر تاجر برادری کے کاروباری یونٹس،دفاتر،دکانوں اور گوداموں پر چھاپے مارنے کی شکایات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایف بی آر کو ایسے کاروبار دشمن اقدامات اٹھانے سے روکے جس سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح سے متاثر ہو رہی ہے۔سیلز ٹیکس آڈٹ کے نام پر چھاپے مار کر تاجر برادری کو بری طرح ہراساں کیا جارہا ہے ۔

جس سے کاروباری ماحول پرمنفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریفارمز کمیشن کی جانب سے بجٹ2015-16میں صدر پاکستان وفاقی وزرا، صوبائی گورنرز ، چیف آف سٹاف، اعلی فوجی و عدالتی ججوں کے لئے ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کی سفارشات پر فوری عمل درآمد کروایا جائے ، بجٹ میں تمام مراعات یافتہ طبقہ کے لئے ٹیکسوں کی چھوٹ ختم کرکے مقرر کردہ ہدف کو حاصل کیا جائے ۔جبکہ تاجروں اور صنعت کاروں پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ بڑھانے کی بجائے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے۔ خواجہ خاور نے کہا کہ جب تک ایف بی آر حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ٹیکسوں کے ہدف کو پورا نہیں کریگی عوام کے لئے ترقیاتی کام بروقت مکمل نہیں ہو سکیں گے ، انہو ں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اپنی قومی ذمہ داری پوری کرتے ہو ئے اپنے حصے کا ایمانداری سے ٹیکس ادا کریں ، انہو ں نے ٹیکس ریفامرز کمیشن کی جانب سے تیار کی گئی شفارشات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہو ئے کہا کہ مراعات یافتہ طبقہ کو کسی بھی قسم کے ٹیکس کی چھوٹ نہ دی جائے، انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے موجودہ سیلز ٹیکس نظام کے تحت ملک کا ہر فرد ٹیکس ادا کر رہا ہے تو پھر مراعات یافتہ طبقہ کو ٹیکس استثنیٰ دینا غریب عوام کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہو گی ۔

مزید : کامرس


loading...