زمبابوے کرکٹ بورڈ نے دورے کی یقین دہانی کرا دی ‘ چیئرمین پی سی بی

زمبابوے کرکٹ بورڈ نے دورے کی یقین دہانی کرا دی ‘ چیئرمین پی سی بی

 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)زمبابوے نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو طے شدہ شیڈول کے تحت دورہ پاکستان کی یقین دہانی کروا دی ہے۔بدھ کو کراچی میں اسماعیلی برادی کی بس میں حملے میں 43 افراد کی ہلاکت کے بعد زمبابوے کی جانب سے دوبارہ سیکورٹی کا جائزہ لینے کے اعلان کے بعد یہ دورہ ملتوی ہونے کا خدشہ تھا۔تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ نے انہیں طے شدہ شیڈول کے تحت دورہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔گزشتہ روز زمبابوے کرکٹ بورڈ نے ایک بیان کے ذریعے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا بھی اعلان کیا تھا تاہم 15 منٹ بعد ہی بیان واپس لے لیا گیا اور کہا گیا کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ جمعہ کو کیا جائے گا۔شہریار خان کے مطابق زمبابوے کرکٹ بورڈ کے صدر نے انہیں ٹیلی فون کے ذریعے شیڈول کے مطابق پاکستان آنے کی یقین دہائی کروائی ہے ۔2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پہلی مرتبہ کوئی عالمی ٹیم پاکستان کا رخ کر رہی ہے۔گزشتہ مہینے سیریز کا شیڈول طے کرنے کے دوران پی سی بی نے زمبابوے کو لاہور کے ساتھ ساتھ کراچی میں کھیلنے پر رضامند کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم مہمان ٹیم کے ارکان نے زیادہ سفر پر اپنے تحفظات ظاہر کیے تھے۔مئی کے آغازمیں زمبابوے کرکٹ یونین کے مینیجنگ ڈائریکٹر الیسٹر کیمبل کی سربراہی میں پانچ رکنی سیکورٹی وفد نے لاہور کا دورہ کیا تھا، جس دوران انہیں سیکورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔زمبابوے کی ٹیم نے تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے 19 مئی سے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...