کراچی بحریہ ٹاؤن کا غریبوں اور ٹارگٹ کلنگ کے شہداء کو مفت گھر دینے کا اعلان

کراچی بحریہ ٹاؤن کا غریبوں اور ٹارگٹ کلنگ کے شہداء کو مفت گھر دینے کا اعلان

 کراچی(خصوصی رپورٹ)بحریہ ٹاؤن کے چیئر مین ملک ریاض حسین نے اعلان کیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کراچی میں غریبوں، یتیموں، مسکینوں اور ٹارگٹ کلنگ کے شہداء کی بیواؤں کیلئے بالکل مفت گھر دیئے جائیں گے۔ عوامی اپارٹمنٹس نامی اس سکیم کے فارم بھی بالکل مفت اور باآسانی اخبار اور ویب سائیٹ پر دستیاب ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک ریاض حسین نے کہا کہ یہ پراجیکٹ بحریہ ٹاؤن کراچی کے اندر ہی تعمیر کیا جائے گا جس میں رہائش پانے والے خاندانوں کو وہ تمام سہولیات دستیاب ہوں گی جو بحریہ ٹاؤن کراچی کے دیگر رہائشیوں کو دستیاب ہوں گی۔ یہ اپارٹمنٹس 3منزلہ ہوں گے اور ہر اپارٹمنٹ 2بیڈرومز، واش روم، سٹنگ روم، سٹور اور کچن پر مشتمل ہو گا۔ ملک ریاض حسین نے مزید کہا کہ ہر سال 1000عوامی اپارٹمنٹس غریبوں، ناداروں، یتیموں، مسکینوں اور ٹارگٹ کلنگ کے شہداء کی بیواؤں میں تقسیم کیئے جائیں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کچھ ناپسندیدہ عناصر مفت گھروں کے فارم فروخت کر رہے ہیں۔ عوام ان سے ہوشیار رہیں۔ اس فارم کی کوئی قیمت نہیں رکھی گئی یہ بالکل مفت اخبار اور ویب سائیٹ سے نکالا جاسکتا ہے اور یہ فارم ابھی پرنٹ ہی نہیں ہوئے تو لوگ ان کی خریدوفروخت کیسے کر سکتے ہیں۔عوامی اپارٹمنٹس بحریہ ٹاؤن کراچی کیلئے درخواست گزاروں کی ماہانہ آمدن 20ہزار سے کم ہونی چاہیے۔ جبکہ ان کی پہلے سے کوئی پراپرٹی یعنی پلاٹ یا گھر نہیں ہونا چاہیے۔ صرف سندھ بالخصوص کراچی کے ڈومیسائل کے حامل خاندان ہی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ جبکہ ٹارگٹ کلنگ کے شہداء کی بیواؤں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ مزید برآں عوامی اپارٹمنٹس کے رہائشیوں کو مفت میڈیکل کی سہولت میسر ہو گی جبکہ ہر مستحق فیملی کے ایک ذہین بچے کو بحریہ ٹاؤن کے سکول میں مفت تعلیم دی جائے گی۔ فارم جمع کروانے کے بعد سول سوسائٹی کراچی کی خصوصی کمیٹی فارمز کی جانچ پڑتال کر کے مستحقین کو بیلیٹنگ میں شامل کرے گی۔ کراچی بحریہ ٹاؤن

مزید : صفحہ آخر


loading...