ذلت آمیز شرائط اور سود پر قرضے حاصل کر کے بغلیں بجانے سے معیشت بہتر نہیں ہو گی ‘ سراج الحق

ذلت آمیز شرائط اور سود پر قرضے حاصل کر کے بغلیں بجانے سے معیشت بہتر نہیں ہو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ذلت آمیز شرائط اور سود پر قرضے حاصل کرکے بغلیں بجانے سے معیشت بہتر نہیں ہوگی ،معیشت کی بہتری کیلئے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے نجات حاصل کرکے خود انحصاری کی طرف بڑھنا ہوگا۔ پاکستان کو حاصل کرنے والوں نے اسے ایک مسجد بنایا تھا جسے آج تک کوئی امام نہیں ملا۔ گزشتہ 68سال سے اس مسجد پر فنکاروں اور اداکاروں کا قبضہ ہے ۔ملک و قوم اپنی منزل کھو بیٹھے ہیں ،حکومت کیا چاہتی ہے کسی کو کچھ معلوم نہیں ۔سیاست پر مغربی جمہوریت ،معیشت پر سود اور تعلیم پر لارڈ میکالے کا قبضہ ہے ۔آئین میں ریاست کا سرکاری مذہب اسلام اور اللہ کو حاکم اعلیٰ تسلیم کرنے کے بعد حکمران من مرضی کررہے ہیں اور اغیار کے ہاتھوں کھلونا بنے ہوئے ہیں۔عوام کا کام ٹیکس اور بل دینا رہ گیا ہے ۔پی کے 95میں خواتین کے ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا الزام جماعت اسلامی پر لگانے والے بتائیں کہ 2008کے الیکشن میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے کس نے روکا تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ کراچی میں جاری قتل و غارت گری کی بڑی وجہ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سیاسی شخصیات کی طرف سے مجرموں کی مسلسل سرپرستی ہے ۔جن لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہئے تھا انہیں حکومتوں نے اپنے کندھوں پر اٹھائے رکھا۔انہوں نے کہا کہ اگر 12مئی ،8اپریل کے واقعات اور بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں زندہ جلائے جانے والے 260مزدوروں کے قاتلوں کو پکڑا جاتا تو 13مئی کا سانحہ پیش نہ آتا ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اسماعیلی برادری کے بھائیوں اور بہنوں کو سروں اورسینوں میں گولیاں ماریں،سیکورٹی ادارے بتا رہے ہیں کہ قاتل ماہر نشانہ باز تھے اور ان کا مقصد ہی زیادہ سے زیادہ لوگوں کو قتل کرنا تھا ۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ، سیاسی جماعتیں وقت سے فائدہ اٹھائیں اور دہشت گردی اور بدامنی جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے متحد ہوجائیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک و قوم کو مسائل و مشکلات اور بحرانوں کے گرداب سے نکالنے کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفٰے کے نفاذ کیلئے کوشاں ہے ، انہوں نے کہا کہ عوام کا رجحان تیز ی سے جماعت اسلامی کی طرف بڑھ رہا ہے ،بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی ایک بڑی عوامی قوت بن کر سامنے آئے گی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب اور سندھ حکومتیں بھی جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کا اعلان کریں ۔

مزید :

صفحہ اول -