سانحہ جوزف کالونی ،155 متاثرین میں پونے آٹھ کروڑ کے چیک تقسیم

سانحہ جوزف کالونی ،155 متاثرین میں پونے آٹھ کروڑ کے چیک تقسیم

لاہور( جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مسیحی بھائیوں اور دوسری اقلیتوں کو بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے جوزف کالونی واقعہ کے متاثرین کو امدادی رقوم دے کر پیغام دیا ہے کہ ہمارے قائدین کے دل اقلیتوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ مسیحی برادری بھی اپنی صفوں میں موجود ان عناصر پر نظر رکھے جو غلط فہمیاں پیدا کر کے باہمی محبت و یگانگت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔حمزہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار الحمرا ہال میں سانحہ جوزف کالونی کے متاثرین میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مجموعی طور پر 155 متاثرین میں پونے آٹھ کروڑ روپے کے چیک تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق، ایم این اے پرویز ملک، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور سہیل عامر، بشپ آف لاہور ونسٹن فرانسس اور متاثرہ گھرانوں کے افراد موجود تھے۔حمزہ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2013 میں جب جوزف کالونی کا واقعہ پیش آیاتو وزیر اعلی نے محمد شہباز شریف کی حکومت الیکشن کی آمد آمد کی وجہ سے اپنے اواخر میں تھی مگر اس کے باوجود انہوں نے جوزف کالونی کے تمام متاثرہ مکانوں کی تعمیر نو کرائی اور متاثرین کو مالی امداد بھی دی جبکہ باقی رہ جانے والے افراد کو بھی آج امدادی رقوم مل گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ہمیشہ اقلیتوں کو عزت ، احترام اور عام پاکستانی شہریوں کے برابر کا درجہ دیا ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے پارٹی کے منشور کی تیاری کے مرحلے میں تمام اقلیتی رہنماؤں کو بلا کر اقلیتوں کے حقوق کو منشور میں شامل کیا۔ اسی طرح سانحہ جوزف کالونی کے فورا بعد بادشاہی مسجد میں ہر مکتبہ فکر کے علماء کرام نے اس واقعہ کی بھرپور مذمت کی۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی بد قسمتی ہے کہ جب بھی ملک ترقی اور خوشحالی کا کوئی سنگ میل عبور کرتا ہے اس کے دشمن اپنی سازشوں اور ملک دشمن کارروائیوں میں اضافہ کر دیتے ہیں ۔ ایسا ہی واقعہ گزشتہ دنوں اس وقت کراچی میں بس میں فائرنگ کی صورت میں پیش آیا جب چین کی مدد سے اقتصادی راہداری کے معاملات تکمیل کو پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ٹھان لی ہے کہ کراچی کی روشنیاں ہر صورت بحال کرائیں گے اور اس مقصد کے لئے آخری دہشت گرد تک کا پیچھا کیا جائے گا ۔

مزید : صفحہ اول


loading...