بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کا فیصلہ

بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کا فیصلہ

لاہو( جنرل رپورٹر) کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ڈی سی اوز کو ہدایت کی ہے کہ ضلعی و تحصیل سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کام کرنے والے نمائندوں کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے انتظامیہ تمام فورمز پر بھرپور شرکت اور تعاون فراہم کرے گی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے اس اجلاس میں پیش کردہ تجاویز کو وزیراعلی پنجاب تک بھی پہنچائیں گے۔ انہوں نے تمام مسالک و مذاہب کے نمائندوں کی اس تجویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں بین المذاہب ہم آہنگی برائے امن فاؤنڈیشن کو اشیائے خوردونوش کے اسٹالز کے لیے جگہ ضرور فراہم کی جائے گی۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی ہمیشہ اور ہر جگہ ضرورت ہے۔ کمشنر لاہور عبداﷲ خان سنبل نے کہا کہ وہ امن کمیٹی کی طرح بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ڈویژنل سطح پر بھی اجلاس بلائیں گے اور وہ اس حوالے سے مزید اقدامات کیلئے حکامِ بالا سے بھی بات کریں گے۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار بین المذاہب ہم آہنگی برائے امن فاؤنڈیشن پاکستان کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں آر پی او شیخوپورہ صاحب زادہ شہزاد سلطان، ڈی سی او شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور، ایڈیشنل کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر، ڈی او سی لاہور سندس ارشاد، مرکزی صدر فاؤنڈیشن حافظ لیاقت علی ضیاء، کالم نگار ڈاکٹر سجاد، مفتی سید عاشق حسین، سید نوبہار شاہ، ارون کمار، پنڈت بھگت لال موہن اور سکھ کونسل و مسیحی کونسل اور وفد میں شامل فاؤنڈیشن کے دیگر اہم عہدیداران نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...