واقعی معراج ہوئی تھی؟

واقعی معراج ہوئی تھی؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

معراج رسول اللہؐ کی ارفعیت و اشرفیت سے معمور خصوصیت کا نام ہے۔ ایک ایسا واقعہ جو رسول اللہؐ کو دیگر انبیاء ورسل سے ممتاز کر دیتا ہے۔
ایک ایسا واقعہ ایک ایسا معجزہ جو دیگر معجزوں کے اندر ایک خاص امتیاز کا حامل ہے۔
یہ واقعہ صرف سید الرسل کی عظمت و رفعت کا واقعہ ہی نہیں بلکہ واقعتاً انسان کی اشرف کا بھی مقام ہے۔
معراج مصطفی بشریت کی کاملیت اور بشریت کی رفعت کا نام بھی ہے۔
معراج مصطفی نے انسان کو ساری مخلوقات میں اشرف و اعلیٰ ہونے کا ایک درس بھی دیا ہے،اور ایک دلیل بھی عطا فرمائی ہے۔
معراج مصطفی صرف ایک واقعہ ہی نہیں کہ جسے قصے کے طور پر، کہانی کے طور پر، محض تلذذذہنی کے لئے بیان کر دیا جائے اور یہ واقعہ ایسا واقعہ بھی نہیں کہ جس کو بیان کرکے خطباء اپنی خطابت کا لوہا منوائیں، اور واعظ اپنے وعظ کی دھاک دلوں پر بٹھانے کی کوشش کریں، بلکہ یہ واقعہ اسلامی تعلیمات میں ایک خاص ذخیرے کا اضافہ کرتا اور معجزات کا مجموعہ ہے۔
ہمارے ہاں اس واقعہ کے ساتھ بڑے ہاتھ دکھلائے گئے ہیں، بعض واعظین، خطباء اور مبلغین نے اس واقعے کو استعمال کرکے وہ وہ باتیں اس کے اندر داخل کر دی ہیں جن کا حقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔
اس واقعہ کو، اس عظمت کو، تعلیمات کے اس ذخیرے کو مخض تلذذ ذہنی کا ایک قصہ بنا کر رکھ دیا گیا ہے، اس سے جو تعلیمات ہمیں حاصل ہوتی ہیں ان کی طرف توجہ دینے کی کوشش نہیں کی جاتی اور بعض لوگ ایسے ہیں جنہوں نے سرے سے ہی اس واقعے کا انکار کر دیا ہے، مسلمان کہلانے کے باوجود وہ یہ کہتے ہیں کہ یہ واقعہ رسول اللہؐ کے ایک خواب سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں رکھتا، نعوذ باللہ !حالانکہ یہ رسول اللہؐ کا ایک معجزہ ہے اور معجزہ وہی ہوتا ہے جو انسانی ذہنوں، عقلوں کو عاجز کر دے۔ انسان کا ذہن جس کی توجیہہ کرنے سے عاجز آ جائے یا جس کو انسان کا ذہن، انسانی زندگی کے امور کے ساتھ متعلق کرنے سے عاجز آ جائے اس کو معجزہ کہا جاتا ہے۔
اگر روز مرہ کا کوئی معمول ہو، اگر عام انسانی زندگی سے تعلق رکھنے والا کوئی واقعہ ہو تو کوئی عجوبے کی بات نہیں۔
اللہ رب العزت نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا:
’’ہم نے اپنے رسولوں کو نشانیاں عطا کیں‘‘ ہر نبی نے لوگوں کو اپنی نبوت منوانے کے لئے اور اللہ رب العزت نے اپنے رسول کی رسالت لوگوں سے منوانے کے لئے مختلف قسم کے معجزے انہیں عطا کئے تاکہ لوگوں کو یہ معلوم ہو کہ دیکھو یہ انسان بنی نوع انسان سے تعلق رکھنے کے باوجود ایک خاص امتیاز کا حامل ہے، اس کو ایک خاص انفرادیت حاصل ہے۔ اللہ رب العزت اس کے ذریعے اپنی قدرت کا اظہار کرتا ہے تاکہ تمہیں معلوم ہو جائے کہ یہ اللہ کا فرستادہ ہے۔
حضرت موسیٰ علیہ اسلام نے پانی پر عصا کو مارا، پانی دولخت ہو گیا، پتھر پہ عصا لگا تو اس میں سے بارہ چشمے پھوٹ پڑے۔
حضرت عیسیٰ علیہ اسلام ہاتھ کے ساتھ مٹی کا پرندہ بناتے ہیں، اور ان کے اندر اللہ کے حکم کی پھونک مارتے ہیں تو پرندہ اڑنا شروع ہو جاتا ہے آپ کے ہاتھوں پہ شفا رکھی گئی، اندھوں کی بینائیاں لوٹ آئیں، غرض مختلف انبیاء کو مختلف معجزے عطا کئے۔
رسول اللہؐ کو ایسے معجزات (پہلے انبیاء کی طرح کے) اور ان کے ساتھ ساتھ کئی اور معجزات بھی عطا کئے گئے۔
حسن یوسف دم عیسیٰ ید بیضا داری
آنچہ خوباں ہمہ دارند تو تنہا داری
موسیٰ علیہ اسلام کے عصا نے پتھر پہ چوٹ لگائی تو بارہ چشمے پھوٹ نکلے، پتھروں سے ہی چشمے نکلا کرتے ہیں اور سید الرسل کا ایسا معجزہ کہ انگلیوں میں سے پانی کی پھواریں نکلنا شروع ہو گئیں۔ ہاتھ میں کنکر آئے تو کلمہ پڑھنا شروع کر دیا، تنا جس پہ ٹیک لگا کر خطبہ ارشاد فرمایا کرتے تھے اس نے رونا شروع کر دیا، درخت چلتے ہوئے چلے آ رہے ہیں، انگلی کا اشارہ کیا تو چاند دو ٹکڑے ہو گیا۔
مختلف معجزے رسول اللہؐ کو عطا کئے گئے، انہیں میں سے ایک معجزہ اللہ کی پاک کتاب قرآن مجید ہے، صدیاں گزر گئیں، قیامت تلک ایک زیر زبر کا اس کے اندر فرق نہیں پڑا، اور ایسا معجزہ جو لوگوں کے دلوں کی کایا پلٹ دیتا ہے اور اسی طرح کا ایک معجزہ معراجؐ نبوی ہے۔ جس کے اندر رسول اللہ کو کئی اور معجزات عطا کئے گئے۔
معراج نبوی، معجزات کا مجموعہ
جو عظمت رسول ؐ کی دلیل بھی ہے
اور رفعت بشریت کا ثبوت بھی۔
کئی لوگ ہیں جنہوں نے اس معجزے کا انکار کر دیا، بد قسمتی سے کہلاتے مسلمان ہیں کہتے ہیں واقعہ جسد کے ساتھ پیش نہیں آیا بلکہ عالم خواب کا واقعہ ہے۔
رسول اللہ نے جب یہ واقعہ کفار کے سامنے پیش کیا کہ میں پچھلی رات سات آسمانوں کی سیر کرکے آ گیا تو کفار نے مذاق اڑایا، ٹھٹھہ کیا کہ یہ کس طرح ہو سکتا ہے ایک انسان ایک بشر اٹھے اور یہاں سے دو ماہ کا بیت المقدس کا راستہ وہ طے کر لے اور اس کے بعد ایک ہی رات کے اندر ساتوں آسمانوں کی سیر کرکے واپس آ جائے یہ کسی انسان کے لئے ممکن نہیں ہے۔
غور فرمانے کی بات ہے، کفار نے بشریت کو معراج کے ساتھ متعلق کرکے انکار کر دیا۔ اگر یہ خواب کا واقعہ ہوتا تو کفار کو مذاق اڑانے کی کیا ضرورت تھی؟
وہ تو رسول اللہؐ کی ذات مبارکہ تھی وہ تو نبیوں کے امام اور رسولوں کے سردار تھے، یہاں ایک عام، گناہ گار انسان خواب میں نہ معلوم کن کن جہانوں کی سیر کر لیتا ہے، کیا کیا کچھ خواب کے اندر دیکھ لیتا ہے جو وہم و گمان میں چیزیں نہیں ہوتی انسان خواب کے اندر دیکھتا رہتا ہے۔
کبھی دیکھتا ہے کہ گھوڑے پر بیٹھا ہوا ہے، وہی گھوڑا گدھے میں تبدیل ہو جاتا ہے، وہی ٹرین میں تبدیل ہو جاتا ہے کئی دفعہ ایسا ہوتا ہے۔
اگر خواب کی بات ہوتی تو کفار کو مذاق اڑانے کی ضرورت کیا تھی؟ کفار نے کیوں مذاق اڑایا؟
اس لئے کہ رسول اللہؐ نے خواب کا واقعہ بیان نہیں کیا بلکہ حالت بیداری میں،جسم کے ساتھ آسمانوں کی سیر کا تذکرہ کیا ہے ۔
حضرت ابوبکر صدیقؓ بیٹھے ہوئے ہیں لوگوں نے آ کر کہا، اے ابو اقحافہ کے بیٹے ابے ابو بکر! ہمیں ایک بات تو بتلا، کہا پوچھو، کہا یہ بتلاؤ کہ کیا کوئی انسان ایک ہی رات میں مکہ سے چلے اور بیت المقدس پہنچ جائے، ایسا ممکن ہے؟
حضرت ابو بکرؓ نے فرمایا، نہیں ایسا تو نہیں ہو سکتا۔
اچھا یہ بتاؤ، ایک شخص یہ کہتا ہے کہ میں مکہ سے بیت المقدس میں گیا، وہاں نماز پڑھی، اس کے بعد میں آسمانوں پر چلا گیا، ساتوں آسمانوں کی سیر کی، جنت، دوزخ کا مشاہدہ کیا پھر وہاں سے واپس آیا اور ابھی رات بھی نہیں گزری، بتلاؤ کبھی ایسا ہو سکتا ہے؟
حضرت ابو بکرؓ نے فرمایا، نہیں ایسا تو نہیں ہو سکتا، اب حضرت ابو بکر صدیقؓ نے کہا کہ ایسا ممکن نہیں تو انہوں نے چھلانگیں لگانا شروع کر دیں، نعرے لگانے شروع کر دیئے کہا ابو بکر کیا ایسا ہو سکتا ہے، کہا نہیں، کہا پھر بتلاؤ تمہارا صاحب یہ کہتا ہے، سید الرسل کی طرف اشارہ کیا کہ وہ یہ کہتا ہے۔
تیری معراج کہ تو لوح و قلم تک پہنچا۔ میری معراج کہ میں تیرے قدم تک پہنچا۔
حضرت ابو بکرؓ کہنے لگے اگر یہ سید الرسل نے فرمایا ہے تو میں گواہی دیتا ہے کہ سچ کہا ہے، جھوٹ نہیں کہا، تم اس ذات کی بات کرتے ہو، میں تو آپ پر اس سے بڑی بات کے حوالے سے ایمان لا چکا ہوں، آپ نے فرمایا کہ مجھ پر جبرائیل آتا ہے، میں ایمان لا چکا، آپ نے فرمایا میں اللہ کا رسول ہوں میں ایمان لا چکا، اگر یہ بھی آپ نے فرمایا ہے تو سچ ہی ہو گا جھوٹ ہو ہی نہیں سکتا۔
ابھی واقعہ کی خبر نہیں، ابھی واقعہ کی تفصیل کا پتہ نہیں، اسی وجہ سے حضرت ابو بکر صدیقؓ کو ’’ صدیق‘‘ کہا جاتا ہے۔ کہ جنہوں نے رسول اللہؐ سے پوچھے بغیر رسول اللہؐ کے اس عظیم واقعہ کی تصدیق کر دی تھی اگر یہ خواب کا واقعہ ہوتا تو کفار کو مذاق اڑانے کی ضرورت کیا تھی؟ کہ خوابوں کے اندر عام لوگ کیا کیا کچھ دیکھ لیتے ہیں۔
اللہ رب العزت نے قرآن پاک میں اس واقعہ کو بیان کرنے سے پہلے سبحان کا لفظ استعمال کیا ہے۔
کیا مطلب، پاک ہے وہ ہر قسم کے عیب سے، وہ اپنی قدرت کے اندر ہر قسم کے نقص سے پاک ہے، اور سبحان کا لفظ وہاں بولا جاتا ہے جہاں انسان کی طاقت، انسان کی سکت اور انسان کی ہمت جواب دے جائے اور جہاں سے اللہ کی قدرت کا آغاز ہو وہاں لفظ سبحان بیان کیا جاتا ہے۔
حضرت یونس علیہ التحےۃ والتسلیم جب کشتی کے اندر بیٹھے ، اس کے بعد ایک مچھلی کے پیٹ میں چلے گئے۔وہاں ہاتھ پاؤں مارے، باہر نکلنے کا کوئی راستہ نظر نہ آیا، بات انسانی طاقت کے بس سے باہر ہوچکی، اب نجات کا کوئی ذریعہ نظر نہیں آتا، ایک نبی کے ادراک کے اندر کوئی راستہ نظر نہیں آتا، کیا فرمایا:لا الہ الا انت سبحانک انی کنت من الظالمین۔
سبحان کا لفظ استعمال کیا، اللہ میں نبی ہوں ، میرے ادراک میں بھی یہاں سے نجات کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا، تو ہی مجھے بچاسکتا ہے۔
اسی طرح حضرت آدم علیہ التحےۃ والتسلیم پیدا کئے گئے تو فرشتوں نے کہا کہ اللہ ہم تیری تقدیس و تحمید کے بیان کرنے کیلئے کافی نہیں؟ تو نئی مخلوق کیوں پیدا کررہا ہے؟
اللہ نے حضرت آدم کو کچھ نام سکھلائے، نام سکھلانے کے بعد فرشتوں سے کہا کہ مجھے فلاں فلاں اشیاء کے ناموں کے بارے میں بتلاؤ تو فرشتوں نے کیا کہا تھا؟ وہ جو جبروت والے ہیں وہ جو ملکوت ہیں جو ہمت والے، طاقت والے ہیں وہ جو سکتوں کی انتہاؤں پر پہنچے ہوئے ہیں کیا کہا۔
سبحانک لاعلم لنا الاماء علمتنا (البقرہ :23 )
اللہ ہم عاجز ہیں ، ہم تیرے سوال کا جواب نہیں دے سکتے۔
تو لفظِ سبحان وہاں بیان کیا جاتا ہے، جہاں قدرت کا ملہ کا آغاز ہوتا ہے، جہاں سارے عاجز آجائیں اور اللہ کی قدرت کا کوئی شاہکارسامنے آرہا ہو تو وہاں لفظ سبحان استعمال ہوتا ہے۔
سبحن الذی اسری بعیدہ: یعنی اللہ کی قدرت سامنے آ رہی ہے۔
اب بتلاؤ! اللہ کی قدرت کا انکار کررہے ہو، کیا اللہ اپنے بندے کو ایک ہی رات کے اندر آسمانوں کی سیر کروانے پہ قادر نہیں؟
آج کا دور سائنس کا دور، یہ کتنا واضح فیصلہ ہمارے سامنے لارہا ہے ، اس واقعہ کو کتنا واضح کرکے ہمارے سامنے لارہا ہے۔
آج ایک شخص یہاں سے بیٹھ کر لندن، امریکہ اور دنیا کے دوسرے کناروں تک اسی لمحے میں، اسی وقت میں، اپنی آواز پہنچادیتا ہے، انسان جس کی عقل، جس کا فہم، جس کی فراست محدود ہے، اس نے اپنی محدود عقل کو استعمال کرکے ایسے آلات بنالئے ہیں کہ ایک سکینڈ کا فرق نہیں پڑتا کہ ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک آواز پہنچ جاتی ہے، یہ فیکس مشینیں ایک چیز کے پر تو کو دوسرے کنارے تک پہنچادیتی ہیں اور آج کا انسان اس جتن کے اندر ہے کہ ایسی مشین بنائے کہ انسان کا سفر اور زیادہ تیز ہوجائے، فیکس کی طرح، انسان کو بھی دوسری جگہ منتقل کیا جاسکے۔
آج تیز سے تیز رفتار والے طیارے بنائے جارہے ہیں، آواز سے زیادہ رفتار والے طیارے بنائے جاچکے ہیں۔
یہ انسان نے بنائے ہیں جو محدود عقل رکھتا ہے اور جو انسان کا پیدا کرنے والا، انسان کو عقل عطا کرنے والا ہے کیا وہ اپنے اشرف ترین بندے کو رات کے ایک حصے کے اندر آسمانوں کی سیر کروانے پہ قادر نہیں ہے؟ کہ جس نے لفظ سبحان سے اس واقعے کو بیان کیا ہے۔
وہ لوگ جو اس چیز کا انکار کرتے ہیں ان کو سمجھنا چاہئے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں؟
تیسری بات یہ ہے کہ اللہ رب العزت نے فرمایا:
سبحن الذی اسری بعیدہ
عبد اس کو کہا جاتا ہے جو روح اور جسد کا مجموعی وجود رکھتا ہے روح اور جسد کے مجموعے کو’’ عبد‘‘ کہا جاتا ہے۔
قرآن پاک کے اندر ہے اریت الذی ینھی عبدا اذا صلی(العلق :91 ) کیا تو نے اس کو دیکھا ہے جو میرے عبد کو روکتا ہے جب وہ نماز پڑھتا ہے۔
تو نماز ادا کرنے والے کیلئے عبد کا لفظ استعمال کیا اور یہاں کہا گیا سبحن الذی اسری بعیدہ
معراج پیارے رسولﷺ کا اعزاز بھی امتیاز بھی
عالم بیداری میں معراج کے عقلی دلائل
بشریت کو افتخار دلانے والا عظیم سفر
عالمِ بشریت کی زد میں ہے گردوں!
واقعی معراج ہوئی تھی؟
عقل کیا کہتی ہے!
اسی طرح ایک اور جگہ کہا گیا ’’قام عبد اللہ یدعوہ‘‘ جب اللہ کا بندہ کھڑا ہوتا ہے تو اس کی طرف ہاتھ لپکتے ہیں اور کھڑا کون ہوتا ہے، روح کھڑی ہوتی ہے؟ نہیں جسم کھڑا ہوتا ہے۔
قیام، رکوع، سجود یہ اعضائے جسمانی کے کام ہیں جب یہ کرتا ہے تو عبد کہلاتا ہے۔ لازماً عبد وہ ہوتا ہے جو روح اور جسد کا مجموعہ ہے۔
اسی طرح سورہ نجم میں اسی واقعہ کو بیان کیا گیا ہے اور کیا کہا مازاع البصر وماطغی ۔
رسول اللہﷺ نے، اللہ کی نشانیوں کو، عجیب عجیب اشیاء کو، آیات ربانی کو اس طورپر دیکھا کہ آنکھ تھڑکی نہیں، محویت کے ساتھ اللہ کی قدرت کا مشاہدہ کرتی رہی بصر کا لفظ استعمال کیا ہے۔
اب بصر کا تعلق روح کے ساتھ نہیں، جسد کے ساتھ ہے، دیکھنا، سننا، بولنا یہ جسد کے ساتھ تعلق رکھتا ہے، روح کے ساتھ تعلق نہیں رکھتا
اور لفظ کیا استعمال ہوا اسری بعبدہ
اور اسریٰ کا مطلب ہوتا ہے، رات کو سیر کرنا۔
قرآن پاک کے اندر ہے، جب فرعونیوں سے بچ کر بنی اسرائیل کو ساتھ لے جانے کا حکم دیا تو حضرت موسی ؑ کو حکم دیا گیا اسر بعبادی لیلا۔
اے موسیٰ! میرے بندوں کو رات کے اندھیاروں میں لے کر نکل جاؤ۔
رات کو جو سیر کی جاتی ہے اس کو اسرا کہا جاتا ہے۔
اور سیر روح نہیں کرتی، سیر انسان کے قدم کرتے ہیں، انسان کی ٹانگیں کرتی ہیں یہ بھی جسد کے ساتھ تعلق رکھتا ہے۔ اس لئے وہ لوگ جو یہ کہتے ہیں کہ یہ عالم خواب کا واقعہ ہے وہ لوگ اس بات پر جھوٹ بولتے ہیں۔
رسول اللہﷺ کی یہ معراج عالم بیداری میں ہوئی ، جسم کے ساتھ ہوئی، جسد کے ساتھ ہوئی خواب کے عالم میں نہیں ہوئی، اس پر ساری امت کا اجماع ہے اور حضرت امام ابن کثیر ؒ نے فرمایا ’’سوائے زندیقوں کے، سوائے ملحدوں کے، بے دینوں کے اور کسی نے بھی اللہ کے رسولؐ کی جسمانی معراج سے انکار نہیں کیا‘‘۔
کہا جاتا ہے روشنی کی رفتار1 کروڑ 80 لاکھ میل فی سکینڈ ہے اور آپ براق (بجلیوں کے مرکب) پر سوار تھے!
ایک چھوٹی سے بات ، اگر رسول اللہ نے کوئی خواب بیان کیا ہوتا تو پھر کفار کو مذاق اڑانے کی کیا ضرورت تھی؟ کفار نے تو مذاق ہی اس لئے کیا تھا کہ ایک بشر ہوکر، ایک انسان ہوکر آسمانوں کی سیر نہیں کرسکتا۔
اللہ رب العزت نے حسنِ بشریت کے عظیم علمبردار، ایک عظیم مقام کے حامل کہ جن جیسا کائنات میں کوئی پیدا نہ ہوا، نہ ہوگا۔ ان کو آسمانوں پر پہنچا کر بشریت کو بھی فوقیت دی ہے۔
یہ سبق ملا ہے معراج مصطفی سے مجھے
کہ عالم بشریت کی زد میں ہے گردوں
اقبال نے کہا تھا کہ معراج مصطفےٰ نے بشریت کو ایک اونچا مقام عطا کردیا ہے کہ جہاں بشرجا پہنچا ہے وہاں فرشتے بھی نہیں پہنچ سکتے، فرشتے تو سدرۃ المنتہیٰ تک جاکر بس ہوگئے ، فرشتوں سے آگے اگر کسی کا مقام ہے تو صرف انسان کامل کا مقام ہے، بہترین بشر کا مقام ہے اور کسی کا نہیں۔ اور آپؐ وہ ہیں جن کی پیروی سے انسان کامل اور بہترین عبد بن جائے۔
فرشتے، نوری مخلوق، مقدس اور محترم مخلوق، فرشتوں سے سجدہ کرواکر انسان کو اشرف المخلوقات قرار دیا اور رسول اللہﷺ کو معراج عطا کرکے انسان کی اشرفیت کو ایک دلیل عطا کردی۔
انسان سب سے اعلیٰ پیدا کیا گیا ہے، سب سے اشرف، سب سے افضل پیدا کیا گیا، اگر رسول اللہﷺ کی ذات کوانسانوں سے نکال دیا جائے تو ہمارے پاس کیا رہ جاتا ہے؟ بشریت کے پاس کیارہ جاتا ہے؟ ترمذی شریف میں ہے کہ جب آپ کو بیدار کیا گیا، آپ کو براق پر سوار کیا جانے لگا تو براق ذرا ڈگمگایا، اس نے حرکت کی، جبرائیل نے کہا، رک جا، کس لئے حرکت کرنا ہے؟ کیا تجھ کو خبر نہیں کہ آج تجھ پر وہ سواری کرنے لگا ہے جس سے بڑھ کر عظمت والا اللہ نے پیدا ہی نہیں کیا۔
ایسا عظیم، ایسا مکرم، محترم۔۔۔ اور ہمارا نصیبہ کہ ہم امت محمدیہ کے حصے میں آئے۔
انبیاء کی امامت کے حوالے سے ان کو عظمت ملی، آسمانوں پر ان کا استقبال کرنے کے لئے اللہ رب العزت نے ممتاز، عظمت والے انبیاء درسل کو کھڑا کیا وہ کہ جن کو وہ سیر کروائی گئی جو کسی اور کے حصے میں نہ آئی۔ (ﷺ)

مزید :

ایڈیشن 1 -