داعش کے علیل سربراہ ابوبکرالبغدادی کا نیا آڈیو پیغام سامنے آگیا
بغداد(مانیٹرنگ ڈیسک) عراق اور شام میں سرگرم جنگجوتنظیم داعش کے علیل سربراہ ابوبکرالبغدادی کا نیا پیغام سامنے آگیاہے جس میں مبینہ طورپر البغدادی کاکہناتھاکہ اسلام امن کا دین نہیں ہے اور مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ’خلافت ‘ کے لیے ہتھیار اٹھائیں اور ترک وطن کریں۔
برطانوی نشریاتی ادارے ”بی بی سی“ کے مطابق مبینہ طور پر داعش کی طرف سے جاری کئے گئے صوتی بیان میں بغدادی نے کہا ، ”اسلام کبھی بھی امن کا دین نہ تھا۔ اسلام کفار کے خلاف جنگ ہے۔ کوئی بھی یہ نہ سمجھے کہ جو جنگ ہم لڑرہے ہیں وہ دولت اسلامیہ کی جنگ ہے۔ یہ تمام مسلمانوں کی جنگ ہے، لیکن دولت اسلامیہ اس کا ہر اول دستہ ہے۔“پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کے لیے دولتِ اسلامیہ کی خاطر ہجرت نہ کرنے پر کوئی بھی معافی نہیں ،اس میں شمولیت ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، آپ کو بلا رہے ہیں یا تو شمولیت اختیار کریں یا جہاں بھی ہیں ہتھیار اٹھا لیں ۔
بغدادی نے یمن کے شیعہ حوثی باغیوں پر سعودی قیادت میں ہونے والی بمباری کا حوالہ دیتے ہوئے سعودی عرب کے شاہی خاندان پر تنقید کی۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ماہ عراق کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی رواں سال مارچ میں اتحادی افواج کے حملے میں شدید زخمی ہو گئے تھے ۔بغدادی کا یہ پیغام درست ثابت ہونے کی صورت میں گذشتہ کئی ماہ کے بعد منظر عام پر آنے والا ان کا پہلا پیغام ہوگا۔