ایشیاء کے دوبڑے فنکار اب ایک فلم میں
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکار جیکی چن بھی مسٹر پرفیکٹ عامر خان کے گرویدہ ہو گئے۔ گزشتہ روز چینی زبان میںڈبنگ کے بعد پی کے کا پریمیئر چین کے شنگھائی آرٹ سنٹر میں پیش کیا گیا جہاں عامر خان اور جیکی چن کی ملاقات ہوئی۔ایشیاء کے یہ دونوں مایہ ناز فنکارایک ہی فلم میں اکٹھے آئیں گے۔
دونوں اداکاروں نے ایک دوسرے کے کام کی تعریف کی، جیکی چن نے ”پی کے“ کی خصوصی طور پر تعریف کی۔ ایک بھارتی اخبار کے مطابق دونوں اداکارجلدایک فلم میں اکٹھے جلوہ گر ہوں گے۔چائنہ فلم گروپ نے عامر خان کی فلم پی کے کا چینی زبان میں ترجمہ کیا۔ پی کے گزشتہ سال دنیا بھر میں ریلیز کی گئی اور اب چین میں بیک وقت 3500سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔جیکی چن اس سے قبل بالی ووڈ اداکارہ ملکہ شراوت کے ساتھ ہالی ووڈ کی فلم ”The Myth“ میں کام کر چکے ہیں۔اور اب عامر خان کے ساتھ بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جیکی چن کا کہنا تھا کہ میں نے بالی ووڈ کی بہت کم فلمیں دیکھی ہیںجن میں سے ”3ایڈیٹ“مجھے بے حد پسند آئی جسے ہانگ کانگ میں بھی بے حد پذیرائی ملی تھی۔ اس فلم نے مجھے راتوں رات عامر خان کا مداح بنا دیا۔ میں اپنی فلم ”کنگ فویوگا“ کی شوٹنگ بھارت میں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہوں۔