دولت لوٹنے والے مگرمچھوں کے حکم امتناعی خارج کروائیں،پراسیکیوٹر جنرل نیب کی لاءافسروں کو ہدایت
لاہور (نامہ نگار خصوصی )پراسیکیوٹر جنرل نیب نے محکمہ کے افسران کو ہائیکورٹ میں زیر التواءحکم امتناعی اور نیب کے پرانے مقدمات کو جلد نمٹانے کے لئے عدالتوں کو فوری معاونت کرنے کی ہدایت کر دی، ٹرائل کورٹ میں زیر التواءنیب کے مقدمات میں گواہوں کے بیانات اور پرانے مقدمات کے چالان فوری مکمل کر کے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ گزشتہ روز پراسیکیوٹر جنرل نیب وقاص قدیر ڈار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نیب کے پراسیکیوٹرز سید فیصل رضابخاری ، نادر منظور دوگل، رانا عارف محمود، خلیق الزمان، چوہدری عمران، فرہاد ترمذی سمیت دیگر لاءافسران نے شرکت کی۔ نیب پراسیکیوٹرز نے زیر التواءاور نمٹائے گئے مقدمات کی رپورٹ پیش کی۔ پراسیکیوٹرجنرل نیب وقاص قدیر نے اجلاس میں شریک پراسیکیوٹرز اور لاءافسران کو ہدایت کی کہ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ایسے مقدمات جن میں حکم امتناعی جاری کیا جا چکا ہے ان مقدمات کی جلد سماعت کے لئے متفرق درخواستیں دے کر حکم امتناعی خارج کروایا جائے اور مقدمات کو جلد نمٹانے کے لئے عدالتوں کی مکمل معاونت کی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ ٹرائل کورٹس میں ملکی دولت لوٹنے والے مگرمچھوں کے کیسز چل رہے ہیں ،پراسیکیوٹرز مکمل تیاری کرکے عدالتوں میں ان کیسز کی پیروی کریں۔