گرین ٹرین وقت سے پہلے ہی مقام پر پہنچ گئی، مسافر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے

گرین ٹرین وقت سے پہلے ہی مقام پر پہنچ گئی، مسافر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے
گرین ٹرین وقت سے پہلے ہی مقام پر پہنچ گئی، مسافر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے

  


راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ ریلوے کی جانب سے شروع کی جانے والی گرین ٹرین نے افتتاح کے دوسرے دن ہی مقررہ وقت سے پہلے مقام پر پہنچ کر سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق گرین ٹرین لاہورسے راولپنڈی روانہ ہوئی اور مقررہ وقت سے 8 منٹ پہلے ہی اپنے مقام پر پہنچ گئی جس پر مسافر خوشی اور حیرت کی ملی جلی کیفیت کا اظہار کرتے رہے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر وہاں پہنچنے والے مسافروں کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز بعد کسی ٹرین کو وقت پر سفر شروع کرتے دیکھا ہے اور وقت سے پہلے مقام پر پہنچ کر تو اس نے سب کو ہی حیران کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر محکمہ ریلوے ایسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا رہا اور ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر کا سلسلہ ختم ہو گیا تو عوام دیگر ذرائع کی نسبت ٹرین کے ذریعے سفر کو ترجیح دیں گے اور اس سے ریلوے کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا۔

واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے پاکستان کی تاریخ میں یہ اپنی طرز کی پہلی ٹرین ہے جس میں بہترین سہولیات، صاف ستھرے واش رومز، خوبصورت سیٹیں ، معیاری کھانا اور وائی فائی کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور ابتدائی طور پر اس ٹرین میں سفر کرنے والوں نے حکومت کی اس کاوش کا خیرمقدم کیا ہے تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گرین ٹرین بلاشبہ بہترین اقدام ہے تاہم ابھی اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت آج ہونے والے اجلاس میں ٹرین کے سفر کے دورانئیے میں مزید 75 منٹ کی کمی کر دی گئی ہے اور مسافروں کی شکایات کے ازالے کیلئے شکایت سیل قائم کرنے کافیصلہ بھی کیا ہے۔

مزید : راولپنڈی


loading...