فلسطینوں پر اسرائیلی فوج کے حالیہ مظالم ،حکومت پاکستان نے بھی سب سے بڑا اعلان کر دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف حکومت نے18 مئی بروز جمعہ کو ملک بھر میں ’’ یوم یکجہتی فلسطین‘‘ منانے کا اعلانے کر دیا ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان کی ہدایت پر 18مئی بروزجمعہ ’’ یوم یکجہتی فلسطین‘‘ کے طور پر منایا جائےگا ، ’’یوم یکجہتی فلسطین‘‘ کا مقصد بطور قوم اپنے فلسطینی بھائیوں سے مکمل یک جہتی کا اظہار ہے ، اس روز ظلم وستم اور بربریت سے متاثرہ فلسطینی عوام کے لئے خصوصی طور پر دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے اور ہر فورم پر ان کا مقدمہ پیش کرتے رہیں گے۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ’’یوم یکجہتی فلسطین ‘‘ مناننے کا اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی پر غزہ میں احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 60 ہوگئی ،شہداء میں 16 معصوم بچے بھی شامل ہیں جبکہ قابض فوج کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ میں 2700 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔واضح رہے کہ مسلم دنیا میں مظلوم فلسطینوں پر ڈھائے جانے والے حالیہ مظالم کے خلاف احتجاج جاری ہے جبکہ پاکستان کی دینی و سیاسی جماعتوں نے بھی اس سلسلہ میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے ۔