کیمیکل ایسوسی ایشن اور امریکن کیمسٹری کونسل کے مابین معاہدہ

کیمیکل ایسوسی ایشن اور امریکن کیمسٹری کونسل کے مابین معاہدہ

لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن( پی سی ایم اے) اور امریکن کیمسٹری کونسل ( اے سی سی ) کے مابین ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت آئندہ ایک سال کے عرصہ میں کیمیکل انڈسٹری سے متعلق ریسپونسبل کئیر کے عالمی پروگرام ’’آر سی14001 کی تصدیق کا عمل پاکستان کے اند ر ممکن بنالیا جائے گا۔معاہدے کی دستاویز پر پی سی ایم اے کی طرف سے چیئرمین زیبر ایف طفیل اور سیکرٹری جنرل اقبال قدوائی نے دستخط کئے جبکہ امریکن کیمسٹری کونسل کی طرف سے پی سی ایم اے کی سیکرٹری جنرل اقبال قدوائی نے اس معاہدہ کے تفصیلات بیان کر تے ہوئے بتا یا ہے کہ ریسپونسبل کیئر پروگرام درحقیقت اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ساری عالمی کیمیکل برادری کا متفقہ ایجنڈہ ہے اور کیمیکل ایسوسی ایشنوں کی انٹرنیشنل کونسل ( آئی سی سی اے) اس وقت تک کسی بھی ملک کو اپنی رکنیت نہیں دیتی جب تک کہ وہ اپنے ملک میں واقع کیمیکل یونٹوں میں ریسپونسبل کیئر پروگرام کا نفاذ یقینی نہیں بناتی۔ انہوں نے بتا یا کہ پاکستان سے پی سی ایم اے نے 2017 سے انٹرنیشنل کونسل آف کیمیکل ایسوسی ایشنز (آئی سی سی اے) کی رکنیت اختیار کر رکھی ہے اور تب سے لیکر آج تک بڑی تیزی سے ریسپونسبل کئیر پروگرام کے نفاز کا عمل جاری ہے۔ اب تک مذکورہ پرگرام کے نفاز کا تصدیقی سرٹیفکیٹ امریکہ سے جاری ہو رہا تھا جس پر ممبر کیمیکل یونٹوں کا طویل وقت صرف ہو تا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکن کیمیسٹری کونسل سے ہونے والے حالیہ معاہدے سے یہ تصدیقی عمل حکومت پاکستان کے تصدیقی ادارے پاکستان نیشنل ایکریڈیشن کونسل کے توسط سے ممکن ہو سکے گا۔ جس کیلئے پی سی ایم اے کی کوششوں سے امریکن کیمسٹری کونسل اور پاکستان نیشنل ایکریڈیشن کونسل کے اشتراک عمل سے ایک مربوط نظام تشکیل دیا جائے گا۔

اقبال قدوائی نے کہا کہ اے سی سی اے کے ساتھ طے پانے والے معاہدے سے نہ صرف مقامی کیمیکل یونٹوں کے مالکان کو ریسپونسبل کیئر پروگرام پر عملدرآمد کیلئے معلومات،تربیت اوررہنمائی حاصل ہوگی بلکہ آئیندہ ایک سال میں پاکستان کے اندر مذکورہ عالمی پروگرام آر سی ۔ 14001کے تصدیقی سرٹیفکیٹوں کا اجراء بھی ممکن بنا لیا جائے گا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی سی ایم اے ، اقوام متحدہ کے چارٹر برائے کیمیکل مینجمنٹ میں دی گئی حکمت عملی پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنے ممبران کی بھرپور مدد کر رہی ہے اور کوشش کر رہی ہے کہ اقوام متحدہ کی مقررہ مدت کے مطابق سال 2020 تک مقامی کیمیکل انڈسٹری میں ریسپونسبل کیئر پروگرام کو مکمل کر لیا جائے ۔ نیز اس ضمن میں انٹرنیشنل کونسل آف کیمیکل ایسوسی ایشنز نے پی سی ایم اے کی کوششوں پر بھرپور اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...