نواز شریف بیانیہ ناکام ہونے پر ملکی سلامتی کے دشمن بن گئے ،عبدالعلیم خان

نواز شریف بیانیہ ناکام ہونے پر ملکی سلامتی کے دشمن بن گئے ،عبدالعلیم خان

لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نا اہل نواز شریف مجھے کیوں نکالا کا ڈرامہ فلاپ ہونے پرملکی سلامتی کے دشمن بن گئے ہیں، ڈان لیکس پارٹ ون اور ٹو دونوں میں اعتراف جرم کرچکے ہیں اور نواز شریف کا نا م فوری طور پر نام ای سی ایل میں ڈالا جائے عبدالعلیم خان نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع سے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعظم 3بار پاکستان سے وفاداری کا حلف اٹھانے والے شخص کی جانب سے قومی راز اگلنے کی دھمکیاں کوئی محب الوطن پاکستانی گوار نہیں کرسکتا، فوری طور پر جیل میں ڈال دینا چاہیے۔

، عبدالعلیم خان نے کہا کہ دوسری طرف قومی سلامتی کمیٹی میں ممبئی حملوں سے متعلق ہرزہ سرائی مسترد کرکے باہر آکر نواز شریف کے وکیل بن جانے والے شاہد خاقان عباسی پاکستانی مفادات کے پہریدار نہیں کرپٹ ٹبر کے حمائتی بن چکے ہیں،اسمبلی میں منتخب نمائندہ کی بجائے جاتی امراء کے تنخواہ دار کارندہ نظر آئے، کرپٹ مافیا کی وفاداری اور ملک سے غداری کرنے والے شخص کو وزیر اعظم کے منصب پر قابض رہنے کا کوئی حق نہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ مجیب الرحمان بننے کی خواہش پوری کرنے کی راہ پر تیزی سے گامزن نواز شریف ’’بہت کچھ جانتا ہوں،راز اگل دوں گا‘‘ جیسے بیان دیکر کس کو بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں؟ ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4