آئرلینڈ کو شکست ، تاریخی ٹیسٹ پاکستان کے نام

آئرلینڈ کو شکست ، تاریخی ٹیسٹ پاکستان کے نام

مالاہائیڈ (نیٹ نیوز) امام الحق اور بابراعظم کی نصف سنچریاں کیون اوبرائن کی تاریخ ساز سنچری پر بھاری پڑ گئیں، پاکستان نے میزبان آئرلینڈ کو اولین ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹوں سے ہرا دیا ، کیون اوبرائن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ منگل کو ڈبلن ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز آئرش ٹیم نے 319 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کیون اوبرائن 118 اور کین 8 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے دوسرے ہی اوور میں محمد عباس نے کیون اوبرائن کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، اوبرائن اننگز میں اضافہ کئے بغیر 118 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ٹائرون کین 14 رنز بناسکے، اسطرح آئرلینڈ نے گرین شرٹس کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 160 رنز کا ہدف دیا، محمد عباس نے 5، محمد عامر نے 3 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جواب میں پاکستانی ٹیم نے 160 رنز کا ہدف دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، پاکستانی ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 14 کے سکور پرتین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، اظہرعلی 2، حارث سہیل 7 اور اسد شفیق 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر امام الحق اور بابراعظم نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا، بابراعظم 59 رنز بناکر رن آؤٹ ہو گئے، کپتان سرفراز احمد 8 رنز بنا سکے، امام نے شاداب کے ساتھ مل کر ٹیم کو کامیابی دلائی، امام الحق 74 اور شاداب 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹم مورتگ نے 2 جبکہ رینکن اور تھامسن نے ایک، ایک وکٹ لی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی