منصور احمد عظیم گول کیپر اور پاکستان کا فخر تھے، شہناز شیخ

منصور احمد عظیم گول کیپر اور پاکستان کا فخر تھے، شہناز شیخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (اے پی پی) پاکستانی ہاکی لیجنڈ شہناز شیخ اور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن، راولپنڈی کے ممبران نے سابق اولمپئین منصور احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عظیم گول کیپر اور پاکستان کا فخر تھے۔ شہناز شیخ نے کہا کہ منصور احمد کی وفات پر انہیں دلی افسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نڈر اور بے باک گول کیپر تھے، 1994ء میں منعقدہ ورلڈ کپ میں غیر معمولی کارکردگی کی بدولت پاکستان کو عالمی چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔منصور احمد کو بیماری کے ساتھ ساتھ مالی مشکلات کا بھی سامنا تھا مگر اس حوالے سے کوئی کردار ادا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے حکومت پاکستان، ہاکی فیڈریشن اور سپورٹس بورڈ کو تجویز پیش کی ہے کہ ایک فنڈ قائم کیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی پلیئر کو ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے علاوہ کوئی بھی کھیل پروفیشنل نہیں ہے، فیڈریشنز کے پاس پیسہ نہیں ہے اور ادارے بھی نوکری نہیں دے رہے اس حوالے سے حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ عالمی معیار کا سٹیڈیم ہے، راولپنڈی کی تاریخ میں پہلی بار ایک شاندار سٹیڈیم تیار کیا گیا جس کا کریڈٹ پنجاب حکومت، حنیف عباسی اور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن، راولپنڈی کے تعاون سے شہناز شیخ اکیڈمی قائم کی جارہی ہے جس میں 12 سے 16 سال کے بچوں کو جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنڈی میں ہاکی کی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں اور جلد ہی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آنا شروع ہوجائیں گے جو مستبقل میں قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ دریں اثنا چیئرمین راولپنڈی ریجن پرویز کیانی، اخلاق عثمانی، طاہر شیرازی، ظہیر الحق، استاد رشید، اولمپئن سعید خان اور اولمپئن سلیم شیروانی نے منصور احمد کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔