ذخیرہ اندوزوں ، گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم ،92مجسٹریٹوں کی ڈیوٹیاں لگ گئیں
لاہور( جنر ل رپورٹر)پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت یقینی بنانے ،ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کر دی گئیں ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کیلئے کارڈ پہننا لازمی قرار دیدیا گیا جبکہ مخصوص فیچر کی حامل امبوزڈ فائن بکس بھی فراہم کر دی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید اور چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی دارالحکومت لاہور کے تمام مجسٹریٹس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی اوررمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک المبارک کے دوران مجموعی طو رپر 92مجسٹریٹس اپنے فرائض سر انجام دیں گے ۔ رمضان بازاروں بھی میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ اس موقع پر سخت تنبیہ کی گئی کہ کسی کو بھی تاجروں کوناجائز طو رپر ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ تمام مجسٹریٹس جاری کئے گئے کارڈز پہننے کے پابند ہوں گے جبکہ خصوصی فیچر کی حامل امبوزڈ فائن بکس بھی فراہم کر دی گئیں جس سے جعلسازی کی روک تھام میں مدد ملے گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دس رمضان تک بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سرنڈر کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائی رپورٹ ڈی سی آفس میں ارسال کی جائے اور افسران خود فیلڈ میں جائیں۔
لاہور (جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر حکومت نے رمضان المبارک میں صوبہ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اہم اقدامات پر عمل در آمد شروع کر دیا ہے، رمضان المبارک کے دوران عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کااہم ا مشن ہے، ان مقا صد کیلئے ہر قسم کے ضروری ا قدامات کو عمل میں لایا جائے گا،ایسے تمام ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کا موقع پر سخت احتساب کرنا ہو گا جو اس مبارک مہینے کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی ادارے اور افسران رمضان بازاروں کے انعقاد میں اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں گے اگر اس دوران کسی قسم کی کوتاہی سامنے آئیں تو سخت باز پرس ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ا ن رمضان بازاروں میں اپنے فرائض کے لئے میدان عمل میں آجائیں اور باقاعدگی سے تمام دکانداروں کے باٹوں کے اوزان و پیمائش پر سختی سے چیکنگ کا عمل شروع کریں جہاں کہیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی بے ایمانی پائی جائے تو متعلقہ دکاندار کے خلاف موقع پر فوری قانونی چارہ جوئی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ماہ صیام کے دوران سستے آٹے کی فراہمی پر 11 ارب روپے کی خطیر رقم کی سبسڈی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کیلئے صوبہ بھر میں 300 سے زائد سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 32 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں کے طور پر کام کریں گے۔ فری سحر و افطارکیلئے صوبہ بھر میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں دالیں، گھی، چینی، پھل اور سبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ سستے رمضان بازاروں میں زرعی فیئرپرائس شاپس بھی قائم کی جائیں گی اور ان زرعی فیئر پرائس شاپس پر دالیں اور سبزیاں مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی افسران گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے دوران عوام کو اشیائے خورد و نوش سستے داموں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کریں گے۔ رمضان بازاروں میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے۔ اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے اور کسی چیز کی قلت کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیئے۔ رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ، پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں نمایاں طور پر آویزاں ہونگے اور عوام کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پرائس بورڈ لگائے جائیں گے۔ گرمی کے پیش نظر رمضان بازاروں میں خرایداروں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں گے اور پارکنگ کا بھی مناسب انتظام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں استحکام اور کمی کا رجحان دیکھنے میں آنا شروع ہو گیاہے۔